کے ٹی آر کا عنقریب روڈ شو، وزراء انتخابی مہم میں سرگرم
حیدرآباد : حکمراں ٹی آر ایس گریٹر حیدرآباد میں 100سے زائد بلدی ڈیویژنس پر کامیابی حاصل کرنے کیلئے خصوصی منصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ اس کے علاوہ ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر بھی پارٹی کی انتخابی مہم کی کمان سنبھالتے ہوئے روڈ شو میں حصہ لیں گے ۔ 29نومبر کو شام 5بجے انتخابی مہم کا اختتام ہورہا ہے ۔ پارٹی کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر 28یا 29 نومبر کو ایل بی اسٹیڈیم میں منعقدہ پارٹی کے ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ اس سلسلہ میں پارٹی کی جانب سے تیاریاں جاری ہیں ۔ اس کے علاوہ کے ٹی آر تمام ڈیویژنس میں بڑے پیمانے پر روڈ شو منعقد کریں گے ۔ وہ 21یا 22 نومبر سے روڈ شو کا آغاز کریں گے ۔ اس کیلئے پارٹی کی جانب سے شیڈول تیار کیا جارہا ہے ۔ ٹی آر ایس نے دوباک میں پارٹی کی شکست کے بعد جی ایچ ایم سی کے انتخابات کو وقار کا مسئلہ بنا لیاہے اس لئے چیف منسٹر بھی انتخابی مہم میں اتر رہے ہیں ۔ تمام وزراء پارٹی کے ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان راجیہ سبھا ، ارکان قانون ساز کونسل کو سوائے پرانے شہر کے اسمبلی حلقوں کے ماباقی تمام اسمبلی حلقوں اور بلدی ڈیویژنس کیلئے انچارج و معاون انچارج نامزد کرتے ہوئے انتخابی مہم کے اختتام تک متعلقہ اسمبلی حلقوں اور بلدی ڈیویژنس میں قیام کرتے ہوئے گھر گھر پہنچ کر پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم چلانے ناراض قائدین کو منانے سمجھانے تماج کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کا انہیں مشورہ دیا گیا ہے ۔