جی ایچ ایم سی کا نیا قانون عنقریب متعارف ، بلڈنگ پلان کی منظوری آسان

,

   

شہر میں صفائی اور سرسبز و شادابی پر خصوصی توجہ ، وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کو مزید شفاف بنانے ، شہریوں کی شکایات کے فوری ازالہ کو یقینی بنانے کے ساتھ عنقریب ایک نیا میونسپل قانون متعارف کیا جائے گا ۔ اس قانون کے تحت بلڈنگ پلان کی منظوری آسان ہوجائے گی ۔ میونسپل اڈمنسٹریشن اینڈ اربن ڈیولپمنٹ کے وزیر کے ٹی راما راؤ نے آج کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کا ایک نیا قانون بہت جلد لایا جائے گا جب کہ اس میں تلنگانہ میونسپلٹیز ایکٹ 2019 کے تمام اہم دفعات کو بھی مربوط کیا جائے گا ۔ نیا جی ایچ ایم سی قانون میں بلڈنگ پلان کی منظوری کے میکانزم کو آسان بنایا جائے گا اور صفائی و سرسبز و شادابی پر خاص توجہ دی جائے گی ۔ انہوں نے مئیر بی رام موہن پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار اور دیگر کی موجودگی میں اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیا جی ایچ ایم سی قانون شہریوں کو بہتر سے بہتر خدمت فراہم کرنے اور وقت پر کام انجام دینے کو یقینی بنائے گا ۔ اس کی کارکردگی پہلے سے زیادہ شفاف ہوگی ۔ اس سلسلہ میں پہلے ہی سے بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں کو ہدایت دی جاچکی ہے کہ وہ موجودہ قوانین کے ساتھ نئے قانون کے مطابق کام انجام دیں ۔ اس نئے قانون کو مارچ میں منعقد ہونے والے بجٹ سیشن میں پیش کیا جائے گا اور اسمبلی میں اس کو منظور کرلیا جائے گا ۔ بلدی نظم و نسق کے پرنسپل سکریٹری اروند کمار اور جی ایچ ایم سی کی کمشنر ڈی ایس لوکیش کمار کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شہری خدمات میں تیزی پیدا کریں ۔ بلڈنگ پلان کی منظوری کا عمل بھی تیز کردیں ۔ اس سے زیادہ عوام کے تحت نمائندوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی بہتر خدمت کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں سے کہا کہ خاص کر زونل کمشنروں کو چاہئے کہ وہ اختراعی پروگرام کے ساتھ کام کریں ۔۔