جی سی سی، خطہ کی سلامتی کیلئے اپنا رول ادا کرتی رہے گی

,

   

ریاض : سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کہا ہے کہ ’ خلیجی تعاون کونسل ( جی سی سی) مشرق وسطی میں سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی‘۔شہزادہ محمد بن سلمان نے سربراہ اجلاس سے خطاب کیا ہے۔ اجلاس میں جی سی سی کے چھ رکن ملکوں کے قائدین اور وفود نے مشترکہ تعاون کو مضبوط بنانے، چیلنجوں کا سامنا کرنے اور خطے کے مستقبل کے حوالے سے توجہ مرکوز کرنے بات چیت کی ہے۔العربیہ اور ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد نے خلیجی تعاون کونسل کے قیام کے چار عشرے گزر جانے کے بعد درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلیے خلیجی ممالک کو اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔شہزادہ محمد بن سلمان نے سربراہ کانفرنس میں شریک وفود کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ’اتحاد و یکجہتی کانفرنس کی بددولت ہی العلا سربراہ کانفرنس موثر فیصلے کرنے میں کامیاب ہوئی تھی‘۔انہو ںنے کہا کہ’سعودی عرب خطے میں امن واستحکام کیلیے کوشاں تھا اور رہے گا‘۔سعودی ولی عہد نے خلیجی اقتصادی اتحاد کے عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ’ ہم چاہتے ہیں کہ خوشحال اقتصادی گروپ بنے اس کے لیے حوصلہ افزا ماحول پیدا کرنا ہوگا اور یہ ماحول آمدنی کے ذرائع میں تنوع پیدا کرکے قائم کیا جا سکے گا‘۔انہوں نے کہا کہ ’عراق میں استحکام پیدا کرنا ضروری ہے۔ یمن میں سیاسی حل تک رسائی ناگزیر ہے۔ مکالمہ ہی تنازعات کے حل کا مثالی طریقہ ہے‘۔انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب چیلنجوں سے نمٹنے میں فیصلہ کن کردار ادا کرتا رہے گا‘۔