جے بی ایس، ایم جی بی ایس میٹرو کا جمعہ کو افتتاح

   

حیدرآباد 4 جنوری (پی ٹی آئی) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ حیدرآباد میٹرو ریل کی دوسری راہداری کے تحت 7 فروری کو 11 کیلو میٹر طویل لائن کا افتتاح کریں گے۔ حیدرآباد میٹرو ریل کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے منگل کو کہاکہ ’چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ جوبلی بس اسٹیشن سکندرآباد (جے بی ایس) تا مہاتما گاندھی بس اسٹیشن (ایم جی بی ایس) 7 فروری کو 4 بجے شام افتتاح کریں گے۔ 11 کیلو میٹر طویل راہداری کے افتتاح کے بعد حیدرآباد میٹرو ریل کی مجموعی کارکردگی کی طوالت 69 کیلو میٹر ہوجائے گی‘۔ وزیراعظم نریندر مودی نے نومبر 2017 ء میں اس پراجکٹ کی میاں پور ۔ ناگول راہداری کا افتتاح کیا تھا۔ این وی ایس ریڈی نے کہاکہ یہ عوامی خانگی ساجھیداری کے تحت دنیا کا سب سے بڑا نیٹ ورک ہے۔ علاوہ ازیں ہندوستان میں یہ دہلی کے بعد سب سے بڑا میٹرو ریل نیٹ ورک بن چکا ہے۔ ستمبر 2018 ء میں امیر پیٹ تا ایل بی نگر دوسری پٹی کا افتتاح کیا گیا تھا۔ مارچ 2019 ء میں امیر پیٹ ۔ ہائی ٹیک سٹی اور نومبر میں ہائی ٹیک سٹی اسٹیشن ۔ رائے درگ پٹی کا افتتاح کیا گیا تھا۔