جے شاہ تیسری بار ایشین کرکٹ کونسل چیرمین مقرر

   

ممبئی : ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سکریٹری جے شاہ کو آج مسلسل تیسری بار ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا صدر مقرر کیا گیا۔ شاہ کی توسیع کی تجویز سری لنکا کرکٹ بورڈ کے صدر شمی سلوا نے دوسری بار پیش کی تھی اور بالی میں ہونے والی سالانہ جنرل میٹنگ میں اے سی سی کے تمام اراکین نے متفقہ طور پر اس کی حمایت کی۔جئے شاہ نے پہلی بار جنوری 2021 میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن کے بعد یہ عہدہ سنبھالا تھا۔ جئے شاہ کے عہدہ صدارت میں اے سی سی کی جانب سے 2022 میں T20 فارمیٹ اور 2023 میں ODI فارمیٹ میں ایشیا کپ کا انعقاد کیا گیا تھا۔اے سی سی کا تیسری بار صدر منتخب ہونے کے بعد جئے شاہ نے کہا کہ ’اے سی سی بورڈ کی جانب سے مجھ پر مسلسل اعتماد کے لیے میں ان کا شکر گزار ہوں۔ ہمیں کھیل کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم رہنا چاہیے اور ان خطوں پر خصوصی توجہ مرکوز رکھنی چاہیے جہاں یہ ابھی ابتدائی دور میں ہے۔ اے سی سی پورے ایشیا میں کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے‘۔اس موقع پر سلوا نے کہاکہ ’شاہ کی رہنمائی میں، اے سی سی نے بنگلہ دیش، ہندوستان، پاکستان اور سری لنکا جیسے کرکٹ کے پاور ہاؤسز میں نئے ٹیلنٹ کو تلاش کرنے اور اسے فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے‘۔واضح رہے کہ جئے شاہ، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے فرزند ہیں۔