حالیہ ناکامیوں کے بعد ہندوستان کا سخت امتحان

   

کولمبو، 11اگست (یواین آئی) نو سال بعد ٹسٹ سیریز کے لیے سری لنکا آنے والی ہندوستانی ٹیم کو اپنی مشکلات سے نمٹنے کی صلاحیت کا سخت امتحان درپیش ہے ۔ مہمان ٹیم جہاں اہم کھلاڑیوں کے زخمی ہونے سے پریشان ہے ، وہیں ریڈ بال کرکٹ میں حالیہ خراب کارکردگی کا سلسلہ ختم کرنے کا دباؤ بھی اس پر ہے ۔ دو ٹسٹ میچوں کی سیریز 15اگست کو گال میں شروع ہوگی۔ ہندوستان کو اس سیریز میں اپنے اہم بولر جسپریت بمراہ کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی، جبکہ ٹاپ آرڈر سائی سدرشن بھی پیر کے اسٹریس فریکچر کے باعث باہر ہوئے ہیں۔ ان کی جگہ سرفراز خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ حالیہ شکستوں نے ہندوستان کو سیریز شروع ہونے سے پہلے ہی اپنی بنچ اسٹرینتھ پر غورکرنے پر مجبورکردیا ہے ۔ جموں وکشمیر کے فاسٹ بولرعاقب نبی کو بھی بمراہ کی غیر موجودگی میں پہلی بار ٹسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔کپتان شبھمن گل کی انگلی میں ٹریننگ کے دوران چوٹ لگنے اور اس کے بعد وارم اپ میچ سے باہر نے بھی ہندوستان کی تشویش بڑھا دی ہے ۔