حج و قربانی کی مناسبت سے ماہ ذوالحجہ میں رحمتوں و برکتوں کا نزول

   

حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا خطاب
حیدرآباد۔/14جون، ( راست ) حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے بتایا کہ حج و قربانی کی مناسبت سے ماہ ذوالجہ کو اللہ تبارک تعالیٰ نے اس قدر برکتیں اور سعادتیں عطا کررکھی ہیں کہ آقائے دو جہاں نبی کرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشاد کے مطابق ذوالحجہ کی پہلی دس راتوں میں سے ہر رات اپنی عظمت میں لیلۃ القدر کے بر ابر ہے۔ صحابہ کرام ؓاور محدثین و مفسرین کے نزدیک ان ایام معلومات سے مراد عشرہ ذوالحجہ کے دس دن ہیں۔ کثرت سے تہلیل، تکبیر اور تحمید کہنا امام احمد نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے روایت نقل کی ہے کہ نبی کریم ؐ نے ارشاد فرمایا : کوئی دن بارگاہ الٰہی میں ان دس دنوں سے زیادہ عظمت والا نہیں، اور نہ ہی کسی دن کا ( اچھا ) عمل اللہ کو ان دس دنوں کے عمل سے زیادہ محبوب ہے پس تم ان دس دنوں میں کثرت سے لا الہ اللہ، اللہ اکبر اور الحمد للہ کہو۔ سلف صالحین اس عمل کا بہت اہتمام کیا کرتے تھے۔کوئی شخص قربانی کا ارادہ رکھتا ہو اور ذوالحجہ کا مہینہ شروع ہوجائے تو اسے چاہیئے کہ قربانی کرنے تک اپنے ناخن اور بال وغیرہ نہ کاٹے۔ ام المومنین سیدہ ام سلمہؓ سے روایت ہے رسول اللہ نے فرمایا ’’جب ماہ ذوالحجہ کا چاند نظر آئے اور تم میں کوئی قربانی کا ارادہ کرے تو اپنے بال اور ناخن نہ کاٹے۔

جلسہ سیرت النبیؐ و طرحی نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 14 جون (راست) سلویٰ ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیراہتمام جلسہ سیرت النبیؐ و طرحی نعتیہ مشاعرہ 15 جون کو بعد نماز مغرب بمکان محمد ضیاء عرفان قادری حسامی فلاٹ نمبر 402 روبرو شاہ فنکشن پلازا نزد نامپلی کورٹ ریڈہلز منعقد ہوگا۔ قاضی سراج الدین رضوی اور مولانا محمد ضیاء عرفان قادری حسامی کے خطابات ہوں گے۔ قاری انیس احمد کی قرأت ہوگی۔ نعتیہ مشاعرہ کیلئے یہ طرح دی گئی ’’رسول پاک کی محفل میاں جابر سجاتے ہیں۔ قافیے مناتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد عبدالنعیم، ارشد شرفی، ڈاکٹر خواجہ فریدالدین صادق، حلیم بابر، نور آفاقی، سہیل عظیم، حافظ و قاری شمس الزماں، سید سکندر حسین شرفی، حامد شرفی، فرید سحر، ابراہیم خان ایاز، قابل حیدرآبادی، نورالدین، عارف نعیم، محمد فیاض احمد خاں، سلیم الہامی، ڈاکٹر مبشراحمد نشتر کے علاوہ شعرائے کرام اپنا تازہ کلام سنائیں گے۔