حج کمیٹی کے بجٹ میں 4 کروڑ کا اضافہ، آئندہ سال مؤثر انتظامات کا فیصلہ

   

رہائشی عمارتوں کے سلسلہ میں نمائندہ کو روانہ کرنے کی تجویز، ریاستی حج کمیٹی کا اجلاس، صدرنشین خسرو پاشاہ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 5 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی نے حج 2025 ء میں عازمین حج کے لئے مؤثر اور نقائص سے پاک انتظامات کی ابھی سے حکمت عملی تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کا اجلاس صدرنشین مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی، رکن اسمبلی جعفر حسین معراج کے علاوہ کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ حج 2024 ء کے تجربات کی روشنی میں کمیٹی نے حج 2025 ء کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام کو رہائش اور گاڑیوں کے انتظامات کے سلسلہ میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اجلاس نے مؤثر انتظامات کے لئے حکومت کی سطح پر حج کمیٹی آف انڈیا اور مرکزی وزارت اقلیتی اُمور سے نمائندگی کا فیصلہ کیا ہے۔ صدرنشین حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے بتایا کہ آئندہ انتظامات کے سلسلہ میں ارکان نے مفید مشوروں سے نوازا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حج کمیٹی کے اختیارات صرف عازمین حج کی روانگی تک ہوتے ہیں۔ سعودی عرب پہونچنے کے بعد انتظامات کی ذمہ داری حج کمیٹی آف انڈیا اور انڈین حج مشن کی ہوتی ہے جو مرکزی وزارت اقلیتی اُمور کے تحت کام کرتے ہیں۔ حالیہ حج کے دوران حجاج کرام کو یہ غلط فہمی پیدا ہوگئی کہ سعودی عرب میں ناقص انتظامات کے لئے ریاستی حج کمیٹی ذمہ دار ہے جبکہ یہ حقیقت سے بعید ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کو تفصیلی یادداشت پیش کی گئی جس میں انتظامات کے سلسلہ میں مرکزی حکومت سے نمائندگی کی درخواست کی گئی۔ حج 2024 ء کے بعد پہلی مرتبہ حج کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں حجاج کرام کی شکایتوں کی بنیاد پر 3 خادم الحجاج کو وجہ نمائی نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مذکورہ خادم الحجاج نے اپنی ذمہ داریوں کی تکمیل نہیں کی تھی۔ وضاحت طلبی کے بعد اُن کے متعلقہ محکمہ جات کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے محکمہ جاتی کارروائی کی خواہش کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ بیشتر خادم الحجاج کی مؤثر رہنمائی کے بارے میں حجاج کرام نے حج کمیٹی کو تحریری طور پر واقف کرایا ہے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صدرنشین حج کمیٹی نے کہاکہ حج 2025 ء کے لئے ابھی 10 تا 11 ماہ باقی ہیں لہذا حج کمیٹی کی جانب سے ابھی سے تیاریوں کا آغاز کیا جائے گا۔ اُنھوں نے حکومت سے اظہار تشکر کیا جس نے حج کمیٹی کے بجٹ کو 2 کروڑ سے بڑھاکر 6 کروڑ کردیا ہے۔ اِس سلسلہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی سے شخصی ملاقات کرتے ہوئے صدرنشین نے اظہار تشکر کیا۔ مکہ مکرمہ میں رہائشی عمارتوں کے انتخاب کے مسئلہ پر ریاستی حج کمیٹیوں سے مشاورت کا مطالبہ کیا گیا۔ مرکز میں بی جے پی برسر اقتدار آنے کے بعد بلڈنگ سلیکشن کمیٹی کی روایت کو ختم کردیا گیا۔ خسرو پاشاہ نے کہاکہ اگر حج کمیٹی آف انڈیا اجازت دے تو تلنگانہ حج کمیٹی کے نمائندے سعودی عرب کا دورہ کرتے ہوئے رہائش کے لئے طے شدہ عمارتوں کا جائزہ لینے کے لئے تیار ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ عمارتوں کے انتخاب کے مسئلہ پر تلنگانہ سے نمائندہ کی روانگی کے لئے چیف منسٹر سے اجازت حاصل کی جائے گی۔ خسرو پاشاہ کے مطابق حج کمیٹی آف انڈیا میں 5 ریاستوں سے ایک رکن کو منتخب کیا جاتا ہے۔ تلنگانہ سے اِس مرتبہ نمائندگی کے لئے پڑوسی ریاستوں کی حج کمیٹی سے مشاورت کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ آئندہ حج کیمپس میں عازمین حج کو ریاستی حج کمیٹی کے اختیارات سے آگاہ کیا جائے گا تاکہ سعودی عرب پہونچنے کے بعد کسی بھی دشواری کے سلسلہ میں حج کمیٹی کو ذمہ دار ٹھہرانے کی کوشش نہ کی جائے۔ 1