حج کے ضمن میں فوری فیصلہ لیا جا ئے :صدر مہاراشٹرا حج کمیٹی

   

ممبئی:31مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی حکومت کی وزارت مذہبی امور اور وزات حج کی جانب سے موصولہ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سال رواں حج کے ضمن میں تاحال کوئی مثبت فیصلہ نہیں ہوا ہے ۔ تاہم موجودہ صورتحال کا بہتر تجزیہ کرتے ہوئے ، اور سال رواں فریضہ حج ادا کرنے کے خواہشمندوں کی آرزوں کو مناسب رخ دینے اور عملی جامہ پہنانے کے لیے ہر وقت تیار رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مہاراشٹرا حج کمیٹی کے صدر نشین جمال صدیقی نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سال رواں ادا کیے جانے والے حج کے سلسلے میں جلد از جلد مناسب فیصلہ کرے ۔اس ضمن میں انھوں نے مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی کو لکھے اپنے ایک خط میں کہا کہ حج 2020 کے سلسلے میں فوری کوئی فیصلہ لیا جائے ۔ انھوں نے یو این آئی کو بتایا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کے پاس حج پر جانے والے خواہش مندوں کا لگ بھگ 2 ہزار 6 سو کروڑ روپیہ فروری مارچ سے جمع ہے ۔ اس سلسلے میں کوئی مناسب فیصلہ کیا جانا ضروری ہے ۔ مہاراشٹرا سے بھی 28 ہزار خواہشمندوں نے فارم بھرا تھا۔ جس میں سے 12500 افراد کا نام قرعہ اندازی میں نکلا۔ ان لوگوں نے بھی پہلی قسط کے بطور 81000 اور دوسری قسط کے طور پر ایک لاکھ 20 ہزار روپئے فی کس جمع کرائے ہیں۔ جو حج کمیٹی کے پاس ماہ فروری ، مارچ سے جمع ہیں۔اگر اس سال حج پر جانا ممکن نہ ہو سکا تو ،حج پر جانے کی امید میں جن لوگوں نے گزشتہ پانچ ماہ سے اپنا روپیہ حج کمیٹی کے پاس جمع کیا ہوا ہے اس پر ” معاوضہ ” دیئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے جمال صدیقی نے لکھا کہ مہاراشٹرا میں ہم نے مرکزی حج کمیٹی کے ایکشن پلان کے مطابق تمام تیاریاں کر لی ہیں۔