حج 2020ء ایکشن پلان کی منظوری، 25 جون سے قافلوں کی روانگی کا آغاز

,

   

ڈسمبر کے دوسرے ہفتے میں قرعہ اندازی، 30 جولائی یوم عرفہ، اگست میں حجاج کرام کی واپسی
حیدرآباد۔ 23 اکٹوبر (سیاست نیوز) مرکزی وزارت اقلیتی امور نے حج 2020ء ایکشن پلان کو منظوری دے دی ہے۔ ڈاکٹر مقصود احمد خاں چیف ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا نے تمام حج کمیٹیوں کو سرکولر جاری کرتے ہوئے نئے ایکشن پلان کی اطلاع دی۔ نئے منصوبے کے مطابق توقع ہے کہ 30 جولائی 2020ء کو یوم عرفہ رہے گا اور ہندوستانی عازمین حج کی روانگی کا 25 جون سے آغاز ہوگا۔ عازمین کے قافلوں کی روانگی کی آخری تاریخ 26 جولائی ہوگی۔ ایکشن پلان کے مطابق آن لائین درخواستوں کے ادخال کی تاریخ 10 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ بلڈنگ سلیکشن ٹیمیں نومبر 2019 اور جنوری 2020ء کے درمیان سعودی عرب کا دورہ کرتے ہوئے عازمین کے قیام سے متعلق عمارتوں کا انتظام کرے گی۔ جاریہ سال ڈسمبر میں حکومت ہند کا وفد سعودی عرب روانہ ہوگا جہاں باہمی معاہدے پر دستخط کئے جائیں گے۔ ڈسمبر کے دوسرے ہفتے میں قرعہ اندازی ہوگی اور اسی ماہ حج کمیٹی آف انڈیا کا وفد مدینہ منورہ میں رہائشی عمارتوں کے انتظامات کو قطعیت دینے کے لیے دورہ کرے گا۔ ڈسمبر کے آخری ہفتے میں منتخب عازمین حج سے حج مصارف کی پہلی قسط وصول کی جائے گی۔ جنوری 2020ء میں ٹریننرس کے لیے ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ یکم اپریل 2020ء سے ٹیکہ اندازی کیمپس کا آغاز ہوگا۔ وزارت شہری ہوابازی ایرچارٹر آپریشن کے سلسلہ میں ڈسمبر کے دوسرے ہفتے میں ٹینڈرس طلب کرے گی۔ جنوری 2020ء کے دوسرے ہفتے میں انڈین ایرلائنس اور سعودی ایرلائنس سے وزارت شہری ہوازی کا معاہدہ ہوگا۔ جنوری میں خادم الحجاج کا انتخاب اور فروری میں انہیں ٹریننگ دینے کا منصوبہ ہے۔ منتخب عازمین حج ریاستی حج کمیٹیوں کو 31 جنوری تک پہلی قسط کی ادائیگی سے متعلق پے سلپ داخل کریںگے۔ 31 جنوری کو ویٹنگ لسٹ جاری کی جائے گی۔ 10 فروری تک منتخب عازمین حج اپنے پاسپورٹس، پلے سلپ اور میڈیکل سرٹیفکیٹ متعلقہ حج کمیٹیوں میں جمع کردیں گے۔ ایرلائنس کمپنیوں کی جانب سے 15 فروری تک فلائٹ شیڈول حج کمیٹی آف انڈیا کو حوالے کیا جائے گا۔ 28 فروری تک مختلف رباطوں سے الاٹمنٹ کے مکتوب حج کمیٹی میں جمع کردیئے جائیں۔ 20 فروری تا 21 مارچ سرکاری کوٹے کے منتخب عازمین کی فہرست جاری کی جائے گی۔ 6 اپریل تک سرکاری کوٹے کے منتخب عازمین ادائیگی کی پے سلپ جمع کرادیں۔ ریاستی حج کمیٹیاں ویٹنگ لسٹ کی اجرائی کے اندرون دو ہفتے عازمین حج کے میڈیکل سرٹیفکیٹس، پاسپورٹس اور پے سلپس حج کمیٹی آف انڈیا کو روانہ کردیں۔ 6 مئی سے ای حج ویزا کے انڈاسمنٹ کا آغاز ہوگا جبکہ عازمین حج کی پہلی چارٹرڈ فلائٹ 25 جون کو روانہ ہوگی۔ نئے ایکشن پلان کے مطابق فریضہ حج کی تکمیل کے بعد حجاج کرام کے قافلے 4 اگست سے وطن واپس ہوں گے۔