نئی دہلی: حج 2022 کیلئے غیر یقینی اور مبہم صورت حال کی بناء پرمرکزی حج کمیٹی کو ایک لاکھ سے بھی کم درخواستیں موصول ہوئیں ہیں۔ 15 فروری حج درخواست فارم بھرنے کی آخری تاریخ تھی، اس عرصے میں 97 ہزار ایک سو 33 عازمین نے ہی حج 2022 کیلئے آن لائن رجسٹریشن کروایا ہے۔ ان میں سے مرکزی حج کمیٹی نے کورجنریشن کے بعد 92 ہزار تین سو 81 عازمین حج کی درخواستیں قبول کیں ہیں۔ حج درخواست فارم بھرنے کی شروعات یکم نومبر 2021 سے ہوئی تھی، تاریخ میں ایک مرتبہ توسیع کے باوجود ساڑھے تین ماہ کے عرصے میں مرکزی حج کمیٹی کو صرف 92 ہزار تین سو 81 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ اس مرتبہ تقریباً 19 سو کے قریب بغیر محرم کے حج پر روانہ ہونے والی خواتین نے درخواستیں دیں ہیں۔ مرکزی حج کمیٹی کے سی ای او محمد یعقوب شیخا نے بتایا کے کووڈ، معاشی حالات اور غیریقینی صورتِ حال کی بناء پر اس سال 92 ہزار کے قریب درخواستیں موصول ہوئیں ہیں۔ یہ درخواستیں حالات کے تناظر میں حوصلہ شکن نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں امید ہیکہ حج ہوگا لیکن کن شرائط اور ضوابط کے لحاظ سے ہوگا یہ سعودی حکومت کی گائیڈلائن پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب اور ہندوستان کے درمیان باہمی معائدہ ہوا اور ہندوستان کے حصے میں زیادہ نشستیں آتی ہیں تو دوبارہ درخواستیں منگوانے کے عمل پر غور کیا جائیگا۔ واضح رہے کہ ابھی تک سعودی عرب اور ہندوستان کے درمیان حج 2022 کیلئے باہمی معاہدہ طئے نہیں ہو پایا ہے۔