محفوظ زمرہ جات کے تحت 506 عازمین منتخب، 3502 کور نمبرس ویٹنگ لسٹ میں ، حج سرگرمیوں کا آغاز
حیدرآباد ۔29 ۔ جنوری (سیاست نیوز) حج 2024 کیلئے تلنگانہ سے 7811 خوش نصیب عازمین حج کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا ہے ۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے ملک بھر کے عازمین حج کے انتخاب کے لئے آج نئی دہلی میں قرعہ اندازی عمل میں لائی گئی اور تلنگانہ کو الاٹ کردہ کوٹہ کے مطابق 7811 عازمین حج کا انتخاب کیا گیا ۔ منتخب عازمین حج کی تفصیلات حج کمیٹی آف انڈیا کے ویب سائٹ پر پیش کی گئی ہے اور ایس ایم ایس کے ذریعہ عازمین حج کو اطلاع دے دی گئی۔ تلنگانہ حج کمیٹی سے عازمین حج معلومات کے سلسلہ میں ربط قائم کرسکتے ہیں۔ جاریہ سال حج کمیٹی آف انڈیا کا مکمل کوٹہ 140020 رہا جس میں 446 خادم الحجاج شامل ہیں۔ قرعہ اندازی کے ذریعہ ملک کی 32 ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے 139554 عازمین حج کا انتخاب عمل میں آیا ہے ۔ تلنگانہ سے حج 2024 کے لئے جملہ 11312 درخواستیں داخل کی گئیں جن میں 70 سال زائد عمر کے محفوظ زمرہ کے تحت 376 اور محرم کے بغیر حج اداکرنے کی خواہشمند 130 درخواستیں داخل کی گئیں۔ عام زمرہ کی درخواستوں کی تعداد 10807 تھی۔ دیگرر یاستوں میں درخواستوں کی تعداد میں کمی کے سبب تلنگانہ کو اضافی کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے۔ دونوں محفوظ زمرہ جات کے تحت 506 نشستوں کے قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب کے بعد 7305 نشستوں کیلئے قرعہ اندازی کی گئی۔ باقی 3502 درخواستوں کو ویٹنگ لسٹ کے تحت رکھا گیا ہے ۔ حج کمیٹی آف انڈیا ریاستوں میں مسلم آبادی کے حساب سے حج کوٹہ الاٹ کرتی ہے۔ قرعہ اندازی کے ذریعہ عازمین حج کے انتخاب کے ساتھ ہی ملک بھر میں حج 2024 ء کی سرگرمیوں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ ریاستی حج کمیٹی منتخب عازمین کے لئے تفصیلات جاری کرے گی جس میں پہلی قسط کی ادائیگی کی تاریخ شامل ہوگی۔ گزشتہ سال حج 2024 ء کیلئے تلنگانہ سے 8659 درخواستیں داخل کی گئیں تھیں اور ریاست کو 5278 کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا ۔ 70 سال سے زائد عمر کے 479 اور محرم کے بغیر حج کو روانگی کیلئے 76 درخواستیں قرعہ اندازی کے بغیر منتخب کرلی گئیں۔ ویٹنگ لسٹ کے تحت 1244 درخواستیں قبول کی گئیں۔ تلنگانہ سے جملہ 6560 حجاج کرام نے فریضہ حج کی سعادت حاصل کی۔ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے جملہ 7040 عازمین حج روانہ ہوئے تھے جن میں کرناٹک کے 867 ، مہاراشٹرا 528 ، آندھراپردیش 49 ، بہار 3 ، چھتیس گڑھ 7 ، جھارکھنڈ 2 اور ٹاملناڈو سے ایک عازم شامل ہیں۔ 1