حج 2024 کیلئے رباط کی سہولت، جناب حسین شریف کی کامیاب مساعی

   

قرعہ اندازی حیدرآباد میں ہوگی
سابق ریاست حیدرآباد کے 45 اضلاع کے عازمین کو سہولت

حیدرآباد۔/24 مارچ، ( سیاست نیوز) حج 2024 میں نظام اسٹیٹ سے تعلق رکھنے والے 45 اضلاع کے عازمین حج کیلئے نظام رباط کی سہولت کا انتظام کیا جارہا ہے۔ ناظر رباط جناب حسین شریف نے تلنگانہ حج کمیٹی کو اطلاع دی ہے کہ حکومت سعودی عرب سے مکہ مکرمہ میں عازمین حج کیلئے رباط میں قیام کی اجازت کی تصریح حاصل کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تصریح کے حصول کے بعد عازمین حج کی تعداد کا تعین ہوگا جن کیلئے رباط کی عمارتوں میں قیام کی سہولت رہے گی۔ حج کمیٹی آف انڈیا اور تلنگانہ حج کمیٹی کے اشتراک سے حیدرآباد میں عنقریب قرعہ اندازی کا اہتمام کیا جائے گا جس میں عازمین حج کی درکار تعداد کو منتخب کیا جائے گا۔ سابق ریاست حیدرآباد کے تحت تلنگانہ، مہاراشٹرا اور کرناٹک کے 45 اضلاع کے عازمین کو رباط میں قیام کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ 2019 میں آخری مرتبہ رباط کا انتظام ہوا تھا۔ 2020 اور 2021 میں کورونا وباء کے سبب ہندوستانی عازمین حج کو سفر کی اجازت نہیں تھی۔ مکہ مکرمہ میں رباط کی قدیم عمارت کو توسیعی منصوبہ میں منہدم کردیا گیا اور ناظر رباط جناب حسین شریف متبادل عمارتوں میں قیام کی سہولت فراہم کرنے کیلئے مسلسل مساعی کررہے ہیں۔ ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب زاہد علی خاں اور نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خاں کی توجہ دہانی پر جناب حسین شریف نے حج 2024 کیلئے حکومت سعودی عرب سے اجازت کے حصول کی کارروائی شروع کی ہے۔ توقع ہے کہ جلد ہی اجازت نامہ حاصل ہوجائے گا۔ عمارت کی گنجائش کے اعتبار سے عازمین حج کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آئے گا۔ رباط کے قیام کے سلسلہ میں حج کمیٹی یا نظام اوقاف کمیٹی کی کوئی مداخلت نہیں رہے گی۔ قرعہ اندازی کے مقام اور تاریخ کا عنقریب تعین کیا جائے گا۔ جناب حسین شریف نے اس سلسلہ میں ایگزیکیٹو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ سابق میں رباط کی سہولت سے ہر سال تقریباً 1000 عازمین نے استفادہ کیا اور فی عازم 50 ہزار روپئے تک کی بچت ہوئی ہے۔1