155 درخواستیں وصول ، وقف حج کمیٹی سے دو دو ملازمین کی نامزدگی
حیدرآباد ۔ 23 ۔ فروری(سیاست نیوز) حج 2024 کے خادم الحجاج کے انتخاب کے لئے آئندہ ہفتہ قرعہ اندازی کا امکان ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کو خادم الحجاج کے طور پر خدمات انجام دینے کیلئے جملہ 180 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں سے 25 درخواستوں کو مسترد کردیا گیا ۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے قواعد کے مطابق صرف سرکاری ملازمین جنہوں نے حج یا عمرہ ادا کیا ہو، درخواست دینے کے اہل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ خانگی اداروں سے وابستہ افراد اور بعض خواتین نے بھی درخواستیں داخل کی تھیں جنہیں مسترد کردیا گیا ۔ 155 درخواست گزاروں نے قرعہ اندازی کے ذریعہ 22 کا انتخاب عمل میں آئے گا ۔ تلنگانہ کے 7811 عازمین حج کیلئے 26 خادم الحجاج کو روانہ کیا جائے گا جن میں سے 15 فیصد حج کمیٹی اور وقف بورڈ کے ملازمین کا انتخاب ہوگا۔ حج کمیٹی وقف بورڈ نے خادم الحجاج کے طور پر اپنے دو ملازمین کا انتخاب کیا ہے جبکہ حج کمیٹی کو دو ملازمین کا انتخاب کرنا ابھی باقی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 7 ملازمین نے خادم الحجاج کے لئے درخواست داخل کی ہے۔ عہدیداروں کو 7 درخواست گزاروں میں سے دو کا انتخاب سفارش کے بجائے قرعہ اندازی کے ذریعہ کرنا چاہئے تاکہ ہر ایک شخص کو عازمین کی خدمت کا موقع ملے۔ 7 درخواست گزاروں میں اسسٹنٹ اگزیکیٹیو آفیسر بھی شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق میں بعض ایسے ملازمین کو خادم الحجاج کے طورپر روانہ کیا گیا تھا جنہوں نے حج اور عمرہ کی سعادت حاصل نہیں کی تھی۔ کسی تجربہ کے بغیر سفارش کی بنیاد پر روانگی عمل میں آئی تھی۔ اس مرتبہ حکام کو قرعہ اندازی کے ذریعہ اپنے ملازمین کا انتخاب کرنا چاہئے۔ بتایاجاتا ہے کہ خادم الحجاج کے 155 درخواست گزاروں میں بعض غیر سنجیدہ درخواست گزار شامل ہیں جنہیں حج اور عمرہ میں عازمین کو درپیش مسائل کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔ سابق میں تجویز پیش کی گئی تھی کہ درخواست گزاروں کا علماء کے ذریعہ انٹرویو لیا جائے تاکہ حج اور عمرہ کے ضروری مسائل اور عازمین کی خدمت کے علاوہ عربی زبان پر عبور کا پتہ چلایا جاسکے۔ عام طور پر یہ شکایت ملتی ہے کہ خادم الحجاج عازمین کی خدمت کے بجائے صرف اپنا حج ادا کرنے کے مقصد سے آتے ہیں اور ان کی غیر حاضری متعلقہ محکمہ میں ڈیوٹی تصور کی جاتی ہے اور باقاعدہ تنخواہ بھی حاصل ہوتی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ قابل اور اہل افراد کو خادم الحجاج کے طور پر منتخب کیا جائے جو عازمین کی صحیح معنوں میں خدمت کرسکے۔ اسی دوران سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج اگزیکیٹیو آفیسر لیاقت حسین سے خادم الحجاج کے انتخاب کے طریقہ کار کے بارے میں بات چیت کی۔ انہوں نے انتخاب میں شفافیت کی ہدایت دی اور کہا کہ میڈیا کی موجودگی میں قرعہ اندازی کی جائے اور قرعہ اندازی کے عمل کی مکمل ویڈیو ریکارڈنگ ہو۔ 1