حضرت علیؓ کی شان میں گستاخی، مقدمہ درج ہونےپر متنازعہ سوامی دھیریندر شاستری نے مانگی معافی

   

لکھنو ٔ : متنازعہ سوامی دھریندر شاستری نے ایک ویڈیو پیام میں مسلمانوں سے معافی مانگ لی ہے۔ دھریندر نے پہلے تو میں مبینہ طور پر حضرت علیؓکی شان میں گستاخی کی اور جب مسلمانوں کا غصہ دیکھا تو عقل ٹھکانے آگئی۔ اس نے فوری ایک ویڈیو پیام جاری کرکے اپنے متنازعہ بیان پر معافی مانگ لی۔دھریندر کے معافی مانگنے کے بعد بھی معاملہ شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔ مسلمان اس کی گرفتاری کے مطالبہ پر بضد ہیں۔ متنازعہ سوامی کے خلاف لکھنؤ میں کیس درج کرا گیا۔ اب سوشل میڈیا پر سوامی کے معافی مانگنے کا ویڈیو وائرل ہے، جس میں اس نے علی بجرنگ بلی کے تبصرے پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ تبصرے کو غلط طریقہ سے لیا جا رہا ہے جبکہ میں تمام مذاہب کا احترام کرتا ہوں۔ میں نے حضرت علیؓ کے بارے میں پڑھا ہے وہ عدم تشدد کی تعلیم دیتے تھے، میرے دل میں ان کیلئے عزت ہے۔ اگر کسی کو میرے الفاظ یا بیانات سے تکلیف پہنچی ہو تو میں معافی مانگتا ہوں۔وہیں شعیہ و سنی علما نے شدید احتجاج کیا اور متنازعہ سوامی کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مسلمانوں کے غم و غصہ کو دیکھتے ہوئے دھیریندر شاستری نے لکھنؤ اور غازی آباد میں ہونے والے پروگرامز کو منسوخ کردیا۔