حضرت مولانا سید کاظم پاشاہ قادری کا سانحہ ارتحال

   

حیدرآباد۔ پیر طریقت شہزادہ غوث اعظم نبیرہ حضرت سید شاہ موسی قادری خطیب دکن حضرت علامہ پیر سید کاظم پاشاہ قادری الموسوی الجیلانی قبلہ سجادہ نشین خانقال عالیہ قادریہ نسبیہ موسویہ و رکن معزز صدر مجلس علماء دکن و مرکزی رویت ہلال کمیٹی و سرپرست اعلی متحدہ مجلس مشائخ نے مختصر سی علالت کے بعد بعمر 70 سال آج قبل از ظہر کیر ہاسپٹل بنجارہ ہلز میں داعی اجل کو لبیک کہا ۔ نماز جنازہ و تدفین رات 10 بجے درگاہ شریف سرکار سید شاہ موسی قادری قدس سرہ میں عمل میں آئی ۔ نماز جنازہ مرحوم کے فرزند سید آل مصطفی قادری الموسوی الجیلانی علی پاشاہ نے پڑھائی ۔ مولانا سید شاہ عارف پاشاہ قادری کرنول ( بارگاہ حضرت لا ابالی)نے دعاء کی ۔ انتقال کی اطلاع ملتے ہی مریدین ‘ معتقدین و اہل سلسلہ کی کثیر تعداد نے خانقاہ قادریہ موسویہ پہونچ کر دیدار کیا اور فرزندان کو پرسہ دیا ۔ پرسہ دینے والوں میں شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ مولانا مفتی خلیل احمد ‘ صدر مجلس علماء دکن مولانا سید قبول بادشاہ قادری شطاری ‘ اور دیگر کئی مشائخین عظام و علماء کرام شامل ہیں۔ پسماندگان میں تین فرزندان مولانا سید آل مصطفی قادری الموسوی الجیلانی علی پاشاہ ‘ مولانا سید آل رسول قادری الموسوی الجیلانی حسنین پاشاہ اور مولانا سید آل محمد قادری الموسومی الجیلانی شبیر پاشاہ و دو دختران شامل ہیں۔ فاتحہ سیوم پیر 17 اگسٹ کو بعد نماز عصر مسجد درگاہ حضرت سید شاہ موسی قادری میں مقرر ہے ۔