حفاظ کرام سے دین کی حفاظت ہوگی

   

مدرسہ دارالعلم الشافعیہ کا جلسۂ دستاربندی مفتی خلیل احمد و حافظ عثمان یمانی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 4 جنوری ۔ ( راست ) مدرسہ دارالعلم الشافعیہ ملحقہ جامعہ نظامیہ ایراکنٹہ کا جلسۂ دستاربندی ، اسنادات و عطائے خلعت کا انعقاد عمل میں آیا جس میں 86 حفاظ کی دستاربندی کی گئی ۔ مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے کہاکہ اللہ رب العزت فرماتا ہے : ’’جو لوگ ہماری راہ میں کوشش کرتے ہیں ہم اُن کیلئے اپنے راستے کھول دیتے ہیں ‘‘۔ جب تک کہ آدمی میدان میں نہ آئے کوئی چیز حاصل نہیں کرسکتا ۔ اس لئے کہا جاتا ہے کہ کوشش کرنا بندہ کا کام ہے اور اُس کو مکمل کرنا یہ خدا کا فضل ہے ۔ اگر ہم میں کوئی ڈاکٹر یا انجینئر یا کچھ بن جاتا ہے تو خوشی کا اظہار کرتے ہیں لیکن یاد رکھو ہمارے دین کی حفاظت قرآن سے وابستہ لوگوں سے ہوگی ۔ حفاظ کرام سے ہی دین کی حفاظت ہوگی ۔ صدر مدرس مولانا عثمان بن عبدالرحیم یمانی نے رپورٹ پیش کی اور کہا کہ ! مدرسہ 16 سال قبل اخلاص اور توکل کی بنیاد پر تین طلبہ سے قائم کیا گیا اور آج مدرسہ میں 350 سے زائد طلبہ تعلیم پارہے ہیں، اور ان 16 سالوں میں تقریباً 300 طلبہ حفظ قرآن کی تکمیل کرچکے ہیں اور جامعہ نظامیہ کے امتحانات حفظ القرآن میں شریک ہوکر اعلیٰ درجہ میں کامیابی حاصل کرچکے ہیں ۔ ادارہ کو مفتی شوافع حضرت شیخ صالح بن سالم باحطابؒ ، مفتی آعظم حضرت مولانا مفتی عظیم الدین ؒ سابق مفتی جامعہ نظامیہ ، محدث کبیر حضرت مولانا محمد خواجہ شریف ؒ کے نام سے معنون کرنے کا اعزاز حاصل کیا گیا ہے۔ جلسہ میں مفتی سید صادق محی الدین ، مولانا سید صغیر احمد ، مولانا لطیف احمد اور مولانا سید شاہ نعمت اﷲ قادری اور مفتی محمد انوار احمد ، مولانا اسمٰعیل ہاشمی ، مولانا مشہود احمد اور مفتی محمد وجیہہ اللہ سبحانی نے شرکت کی ۔