حلف برداری کے بعد ٹرمپ چین کے دورہ کے خواہاں

   

واشنگٹن : امریکی اخبار وال سٹریٹ جنرل نے رپورٹ کیا ہے کہ نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ عہدہ سنبھالنے کے بعد چین کا دورہ کرنا چاہتے ہیں۔برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ نے صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلے 100 دن میں چین کا دورہ کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔چینی سرکاری خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق چینی نائب صدر ہان ڑینگ ٹرمپ کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کریں گے کیونکہ بیجنگ امریکہ کے ساتھ اپنے تعاون کو مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ڈبلیو ایس جے نے مزید کہا کہ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے نمائندوں کے ذریعہ ملاقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے جس میں ایک آپشن یہ بھی ہے کہ نومنتخب امریکی صدر چینی رہنما کو امریکہ مدعو کریں۔واشنگٹن میں چینی سفارت خانے نے فوری طور پر تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔ٹرمپ ہفتہ کی شام واشنگٹن پہنچے جہاں حلف برداری کی تقریب سے قبل جشن منایا گیا اور اس موقع پر آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔روئٹرز کے مطابق ٹرمپ صدر جو بائیڈن کے بھیجے گئے فضائیہ کے طیارے میں سوار ہو کر فلوریڈا کے پام بیچ میں ریپبلکن کے گڑھ پہنچے۔اس موقع پر نومنتخب صدر کی اہلیہ میلانیا، ایوانکا اور ان کے شوہر جیرڈ کشنر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈلس ایئرپورٹ پر پہنچنے کے بعد ٹرمپ نے ورجینیا کے علاقے سٹرلنگ میں واقع اپنے گولف کلب کا دورہ کیا۔ 78 سالہ ٹرمپ اتوار کو واشنگٹن کے مرکز میں کیپیٹل ون ایرینا میں اپنے حامیوں کے ساتھ ایک ریلی کی قیادت کریں گے۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی آئین میں واضح ہے کہ ہر نئے صدر کی مدت 20 جنوری کی دوپہر سے شروع ہوگی (اگر اتوار ہو تو اس کے اگلے دن) اور وہ اپنے عہدے کا حلف اْٹھائے گا۔حالیہ برسوں میں صدر امریکی کیپیٹل کے ویسٹ لان میں منعقدہ تقریب میں حلف اْٹھاتے ہیں تاہم، اس بار سرد موسم کے پیش نظر یہ تقریب کیپیٹل روٹونڈا میں ہو گی۔عمومی طور پر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نومنتخب صدر سے عہدے کا حلف لیتے ہیں لہٰذا پیر کو جان رابرٹس یہ ذمہ داری نبھائیں گے۔نومنتخب صدر اس موقع پر افتتاحی خطاب بھی کریں گے اور آئندہ چار برسوں کے لیے اپنا منصوبہ بھی پیش کریں گے۔ نومنتخب نائب صدر جے ڈی وانس بھی اپنے عہدے کا حلف اْٹھائیں گے۔پیر کو ٹرمپ کی دوسری حلف برداری کے دن کا آغاز سینٹ جان چرچ میں ایک دعائیہ تقریب سے ہوگا۔ مرکزی تقریب میں موسیقی کی پرفارمنس اور افتتاحی کلمات 9:30پر شروع ہوں گے۔