حماس کے تیسرے اہم کمانڈر مروان عیسیٰ ہلاک حملے میں20 ٹن وزنی بم استعمال

   

تل ابیب : اسرائیلی میڈیا رپورٹس نے انکشاف کیا ہے کہ غزہ میں حماس کی قیادت کے تیسرے اہم ترین لیڈر مروان عیسیٰ ایک فضائی حملے میں مار دیے گئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق مروان عیسیٰ کو وسطی غزہ کے النصیرات کیمپ میں ایک خفیہ مقام پر نشانہ بنایا گیا جہاں اسے مارنے کے لیے بیس ٹن وزنی بم گرائے گئے۔اسرائیلی براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے اطلاع دی ہے کہ حملے کو متعدد بار ملتوی کیا گیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ مروان کے قریب کوئی یرغمالی نہیں ہے جبکہ فضائیہ نے تقریباً 20 ٹن بموں کا استعمال کیا جس میں بنکر بسٹربم بھی شامل تھے۔اگرچہ حماس کی جانب سے عزالدین القسام بریگیڈز کے ڈپٹی کمانڈر کی ہلاکت کے حوالے سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔ اسرائیل نے محض اشارہ کیا اور گیند حماس کے کورٹ میں پھینک دی ہے تاکہ مروان عیسیٰ کی ہلاکت کی تصدیق خود حماس کی طرف سے کرائے جا سکے۔