حکومت، دلتوں، آدیواسیوں، قبائلی برادریوں و خواتین کے ووٹ حذف کر رہی ہے

   

2027 کی مردم شماری میں او بی سی شمار کو شامل کرنے کا مطالبہ۔ ریونت ریڈی نے ٹی پی سی سی – پولیٹیکل افیئرز کمیٹی اجلاس میں شرکت کی
تلنگانہ میں ال نینو سے نمٹنے 30,000 کروڑ روپے کی امداد درکار۔ تلنگانہ حکومت جلد ہی سب کو روزگار فراہم کرنے بڑا پروگرام شروع کرے گی
حیدرآباد: 22 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مردم شماری 2027 میں او بی سی شمار کو شامل کیا جائے۔ آج ٹی پی سی سی – پولیٹیکل افیئرز کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے اس بات پر زور دیا کہ مردم شماری میں او بی سی شمار کو لازماً شامل کیا جانا چاہیے۔ 100 برسوں میں پہلی مرتبہ تلنگانہ حکومت نے ذات پر مبنی مردم شماری کروائی۔ اجلاس میں مرکز سے او بی سی شمار کو شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی گئی، اور چیف منسٹر نے ٹی پی سی سی صدر مہیش گوڑ کو مشورہ دیا کہ وہ اس سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک مکتوب لکھیں۔ یہ بتاتے ہوئے کہ حکومت سنکرانتی تہوار کے بعد 5 ماہ کیلئے ‘پرجا بلم’ پروگرام شروع کرے گی، ریونت ریڈی نے کہا کہ پروگرام کے دوران تمام قائدین کو ہر گاؤں کا دورہ کرنا چاہیے۔ تمام قائدین کو انجام دینے ایک ذمہ داری دی جائے گی اور فنڈز کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔ ہم پارٹی کیلئے سخت محنتی قائدین کو پہلے ہی عہدے دے چکے ہیں۔ریاست میں ال نینو موسمی حالات سے نمٹنے اقدامات کا تذکرہ کرکے چیف منسٹر نے مرکز سے 30,000 کی مالی امداد فراہم کرنے کی درخواست کی۔ ‘ال نینو’ کی وجہ سے ہمیں مناسب بارش نہیں مل رہی ہے۔ چیف منسٹر نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ صرف خشک فصلیں کاشت کریں۔ تاہم تلنگانہ میں غذائی اجناس کی کوئی کمی نہیں ہے۔ 100 ممالک ال نینو سے متاثر ہوئے۔ پڑوسی ریاستیں جیسے مہاراشٹرا اور کرناٹک بھی خشک سالی سے دوچار ہیں۔ ریونت ریڈی نے آئندہ 8 ماہ تک پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے دستیاب آبی وسائل کے انتظام کی وضاحت کی۔ پراجیکٹوں میں موجود تمام دستیاب آبی وسائل کو پینے کے مقاصد کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ بجلی کی بڑھتی طلب سے بھی نمٹا جا رہا ہے۔ بجلی کی طلب بڑھ کر 20,000 میگاواٹ تک پہنچ گئی۔ حکومت بغیر کسی کٹوتی کے بجلی فراہم کر رہی ہے اور فصلوں کو بھی بچا رہی ہے۔بحران سے نکلنے چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت ہر ایک کو روزگار فراہم کرنے ایک بڑا اقدام بھی کرے گی۔ روزگار گارنٹی اسکیم میں مستفیدین کی تعداد پہلے ہی نمایاں طور پر بڑھ چکی ہے۔ووٹوں کو حذف کیے جانے پر وزیر اعظم مودی پر تنقید کرکے ریونت ریڈی نے خبردار کیا کہ دلتوں، آدیواسیوں، قبائلی برادریوں اور خواتین کے ووٹ حذف کیے جا رہے ہیں۔ یہ ووٹ نقل مکانی کی بنیاد پر ہٹائے جا رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے مودی پر الزام لگایا کہ وہ پہلی بار ایس آئی آر کی آڑ میں ووٹ ہٹا رہے ہیں۔ صرف تلنگانہ میں 71 لاکھ ووٹ حذف کیے گئے ہیں۔ ملک بھر میں پہلے ہی 13 کروڑ ووٹ ہٹائے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کانگریس سے سائمن گو بیک کی طرز پر گیانیش کمار گو بیک کے نعرے کے ساتھ لڑنے کی اپیل کی ۔ چیف منسٹر نے گزشتہ انتخابات میں ووٹروں کی تفصیلات بتائیں۔ 2019 میں 130 کروڑ کی آبادی میں 91 کروڑ ووٹروں کے نام درج تھے۔ 2024 میں 140 کروڑ کی آبادی میں 97.50 کروڑ ووٹر تھے ۔ اب 20 کروڑ ووٹ حذف کیے جا سکتے ہیں۔ کانگریس قائدین، کارکنوں اور بی ایل اوز سے ووٹوں کے حذف کیے جانے پر چوکس رہنے کی اپیل کرکے ریونت ریڈی نے کہا کہ اگر کسی کے خاندانی نام میں معمولی فرق بھی ہو تو ووٹ حذف کیے جا رہے ہیں ۔بی جے پی عوام کے دو زمرے بنا رہی ہے، ایک وہ جنہیں ووٹ کا حق حاصل ہو اور دوسرے وہ جنہیں یہ حق حاصل نہیں۔ بی جے پی ملک میں عوام کو دوسرے درجہ کا شہری بنا رہی ہے۔ تلنگانہ کیلئے نئے کانگریس انچارج بی ایم سندیپ کا خیرمقدم کرکے ایک سینئر قائد کو انچارج مقرر کرنے پر سونیا گاندھی، ملکارجن کھرگے اور راہول گاندھی کا شکریہ ادا کیا۔ 1