حکومت بنتے ہی وعدوں پر کام شروع کردیں گے: راہل گاندھی

   

بنگلورو:کانگریس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر کرناٹک میں کل ایک جلسہ عام میں راہل گاندھی کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم صرف وعدے نہیں کرتے بلکہ جو کہتے ہیں وہ کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی کرناٹک میں حکومت بنتی ہے، ہم ان پانچوں وعدوں پر کام شروع کر دیں گے جو ہم نے کرناٹک کے لوگوں سے کیے ہین تاکہ ان کے بہتر مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔کانگریس لیڈر نے بعد میں یہاں ایک مقامی بس میں بیٹھی کرناٹک کی خواتین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا “ہم اپنی پانچ اسکیموں کے ذریعے کرناٹک میں خواتین کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے کام کریں گے”۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر بھی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ مودی جی اپنے آپ کو مٹی کا بیٹا کہنے اور ووٹ مانگنے سے پہلے یہ بھی بتا دیں کہ آپ نے کرناٹک کے لوگوں کے لیے کیا کام کیا ہے۔ میں کرناٹک میں کھڑا ہوں کیونکہ میرا کام بولتا ہے۔