حکومت سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی روکنے کیلئے سنجیدہ

   

نئی دہلی: حکومت نے کہا ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائی جانے والی نفرت انگیز مہمات کو روکنے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے ۔انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر مملکت راجیو چندر شیکھر نے چہارشنبہ کے روز لوک سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران ایک ضمنی سوال کے جواب میں کہا کہ مختلف ایپ اور سوشل میڈیا پورٹلز پر نفرت انگیز مہم چلائی جا رہی ہے ۔حکومت عوام کے مسائل پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کے پاس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے اکاؤنٹ سے قابل اعتراض مواد ہٹانے کی ہدایت دینے کا اختیار ہے ۔ چندر شیکھر نے کہا کہ سوشل میڈیا کا غلط استعمال ہو رہا ہے اور جیسے جیسے انٹرنیٹ اور ٹیکنالوجی میں اضافہ ہوا ہے ، صارفین کو نقصان پہنچانے ، جرائم اور فرضی خبروں جیسی سرگرمیاں بھی بڑھ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فروری میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط میں واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ اگر کوئی سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرتا ہے تو اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے مالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کا پتہ لگائے کہ یہ کس نے کیا اور کہاں سے کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ فی الحال عدالت کے زیر غور ہے ، کیونکہ واٹس ایپ نے اسے دہلی ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے ۔