حکومت ’ سوٹ بوٹ والوں ‘ کو تحقیقات سے بچا رہی ہے ‘ کانگریس کا رد عمل

   

نئی دہلی 28 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج بی جے پی پر کارپوریٹ شخصیتوں کے خلاف تحقیقات کو روکنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ جب اپوزیشن قائدین کو نشانہ بنایا جاتا ہے تو اسے تحقیقاتی عمل کہا جاتا ہے لیکن جب سوٹ بوٹ والوں کے خلاف تحقیقات ہوتی ہیں تو اسے تحقیقاتی مہم جوئی قرار دیا جاتا ہے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے مرکزی وزیر ارون جیٹلی نے آئی سی آئی سی آئی بینک کی سابق سی ای او چندا کوچر کے خلاف سی بی آئی تحقیقات پر کہا تھا کہ تحقیقاتی ایجنسیوں کو مہم جوئی سے گریز کرنا چاہئے ۔ کانگریس ترجمان منیش تیواری نے یو پی حکومت کی جانب سے ایک بڑے تاجر اروند گوئل کے خلاف ایس آئی ٹی تحقیقات کو روک دئے جانے پر بھی سوال کیا اور کہا کہ وزیر اعظم مودی کو اس پر جواب دینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا ہمیشہ نہیں ہوتا کہ ایک سینئر وزیر کسی سرکاری تحقیقاتی ایجنسی کے خلاف کوئی بلاگ تحریر کرے اور اسے مہم جوئی سے باز رہنے کا مشورہ دے ۔ جب اپوزیشن قائدین نشانہ پر ہوتے ہیں تو اسے تحقیقات کہا جاتا ہے اور جب سوٹ بوٹ والوں کے خلاف تحقیقات ہوتی ہیں اسے مہم جوئی کا نام دینے کی کوشش کی جاتی ہے ۔