حکومت کی غلط پالیسیاں ملک میں بڑھتی مہنگائی کی اہم وجہ

   

غذائی اشیاء ، پٹرول ، ڈیزل ، بجلی اور پکوان گیس کی قیمتو ں سے کسان اور متوسط طبقہ پریشان : تیجسوی یادو

پٹنہ، 6 ستمبر (یو این آئی) بہار اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے کارگزار قومی صدر تیجسوی یادو نے مہنگائی کے معاملے پر مرکزی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث غذائی اشیا، پٹرول-ڈیزل، کھاد-بیج، بجلی اور رسوئی گیس کی بڑھتی قیمتوں سے عام لوگوں، کسانوں اور متوسط طبقے پر اقتصادی دباؤ بڑھا ہے ۔تیجسوییادو نے اتوار کو بیان جاری کرکے کہا کہ مہنگائی ملک کے سنگین مسائل میں شامل ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں سے غریب اور متوسط طبقے کے خاندانوں کے گھریلو بجٹ پر اثر پڑا ہے اور روزمرہ ضرورت کی اشیا کی قیمتیں بڑھنے سے لوگوں کی پریشانیاں بڑھی ہیں۔اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر نے رسوئی گیس کی قیمتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے اجولا اسکیم کے تعلق سے بڑے دعوے کیے تھے ، لیکن اب ضرورت اس بات کی ہے کہ گاؤں گاؤں جا کر اسکیم کی حقیقی صورتحال کا جائزہ لیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگی رسوئی گیس کی وجہ سے کئی غریب خاندانوں کے لیے اس کا باقاعدہ استعمال ایک چیلنج بن گیا ہے ۔تیجسوی یادو نے کہا کہ سال 2014 میں رسوئی گیس کی قیمتوں کے معاملے پر بی جے پی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے احتجاج کیا تھا، لیکن آج قیمتوں میں اضافے کے بعد حکومت کو عام لوگوں کے مسائل پر سنجیدگی سے توجہ دینی چاہیے ۔آر جے ڈی رہنما نے کہا کہ خوردنی تیل، دال، چینی، آلو، پیاز اور ٹماٹر جیسی ضروری اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا براہ راست اثر عام خاندانوں کے اخراجات پر پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مہنگائی پر مؤثر طور پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔تیجسوییادو نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور غریبی سے راحت دلانے کے معاملے پر ان کی پارٹی سڑک سے لے کر ایوان تک اپنی آواز اٹھاتی رہے گی۔