حکومت کے سخت فیصلے عوام کی بھلائی کیلئے ہی:امت شاہ

   

نئی دہلی۔17ستمبر(سیاست ڈاٹ کام)مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ ملک کے مسئلوں کو سلجھانے کے لئے کئی بار سخت فیصلے کرنے پڑتے ہیں اور ان سے کچھ وقت کے لئے پریشانی ہوتی ہے لیکن یہ سب عوام کی بھلائی اور ملک کی ترقی کو توجہ میں رکھ کر کئے جاتے ہیں۔مسٹر شاہ نے منگل کو یہاں آل انڈیا منجمنٹ فیڈریشن(آئی آئی ایم ایف)کے 46ویں سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی کی قیادت میں عالمی سطح پر ہندوستان کی نئی پہچان بنی ہے اور پوری دنیا ہندوستان کی آواز کو سنتی ہے اور انہوں نے ایک نئے ہندوستان کا تصور کیا ہے جو خوشحال اور ہر طرح سے قابل ہو۔انہوں نے کہاکہ آج مسٹر مودی کی سالگرہ ہے اور ہم سبھی یہی دعا کرتے ہیں کہ وہ صحت مندر رہیں اور لمبے وقت تک ملک کی قیادت کرتے رہیں۔مسٹر شاہ نے کہاکہ آج ہی کے دن سردار پٹیل نے حیدرآباد کو نظام کی حکومت سے آزادی دلاکر اسے ہندوستان کا حصہ بناکر اپنی مضبوط پالیسی کا ثبوت دیاتھا اور مسٹر مودی نے انہی کی طرح نئے ہندوستان کا تصور کیا ہے اور کچھ ہدف بھی طے کئے ہیں۔