حکومت ہند ،کشمیر کی جیلوں کو بدنام زمانہ ’’گوانتا نامو جیل‘‘ بنانا چاہتی ہے :محبوبہ مفتی

,

   

سری نگر۔16اپریل (سیاست ڈاٹ کام)پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ حکومت ہند کشمیر میں جیلوں کو بدنام زمانہ گوانتا نامو جیل جیسا بنانا چاہتی ہے ۔سینٹرل جیل سری نگر میں بند قیدیوں کے اہلخانہ کی طرف سے سری نگر میں منگل کے روز کئے جانے والے احتجاج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ‘قیدی بھی بنیادی انسانی حقوق کے حقدار ہیں اور ان کے احتجاج کو طاقت کے بل پر دبانا واضح خلاف ورزی ہے ، قابل ذکر ہے کہ قیدیوں نے قرآن کی مبینہ بے حرمتی کے بعد ہی احتجاج کیا۔ حکومت ہند کشمیر کو جیل خانے میں تبدیل کرنا چاہتی ہے اور یہاں کے جیلوں کو بدنامہ زمانہ گوانتا نامو جیل جیسا بناناچاہتی ہے ‘۔بتادیں کہ سینٹرل جیل میں بند قیدیوں کے اہلخانہ منگل کے روز سری نگر میں واقع پریس کالونی میں جمع ہوئے اور انہوں نے 5 اپریل کو سینٹرل جیل میں پیش آئے واقعے پر قیدیوں کے خلاف لگے ایف آئی آر واپس لینے کے مطالبے کو لے کر احتجاج کیا۔احتجاجیوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ قیدیوں کو بیرون ریاست کے قید خانوں میں منتقل نہیں کیا جانا چاہئے ۔قابل ذکر ہے کہ سینٹرل جیل سری نگر میں پانچ اپریل کو قیدیوں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئی تھیں جس کے بعد اولالذکر نے مبینہ طور پر چند تعمیری ڈھانچوں بشمول دو بیرکوں کو نذر آتش کردیا تھا۔ جھڑپوں کے دوران پولیس کارروائی میں دو قیدی زخمی ہوئے تھے ۔سینٹرل جیل سری نگر میں اس وقت قریب 280 قیدی مقید ہیں جن میں جماعت اسلامی جموں وکشمیر، جمعیت اہلحدیث اور علیحدگی پسند تنظیموں کے بعض لیڈران بھی شامل ہیں۔