حیدرآبادمیں آئندہ تین ہفتے نہایت سنگین خطرہ۔ بلاضرورت گھر سے نہ نکلیں، مصافحہ، محافل و دعوتوں سے گریز کریں۔ طبی ماہرین کے مشورے

,

   

حیدرآباد(تلنگانہ): شہر سے تعلق رکھنے والے ماہرین ڈاکٹرس نے کورونا وائرس کی صورتحال کے بارے میں عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہر میں دن بہ دن حالات خراب ہوتے جارہے ہیں۔ کوویڈ۔19 کے واقعات میں روزانہ اضافہ ہورہا ہے۔ ایک شخص کی ذرہ سی لاپرواہی پورے خاندان کو مشکلات میں ڈال سکتی ہے۔ طبی ماہرین نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر کے طورپر گھر پر ہی رہیں۔ انتہائی ضروری کام کیلئے ہی گھر سے باہر نکلیں۔ بزرگ حضرات اور بچوں کو گھروں میں ہی رکھیں کیونکہ یہ باآسانی وباء کاشکار ہوسکتے ہیں۔ گھر سے نکلتے وقت ماسک کا استعمال لازمی کریں۔ ڈاکٹر سمیع الزماں نے کہا کہ ماسک کے بغیر گھر سے نکلنا خطرہ کی گھنٹی ہے۔ دفتر یا بازار میں سماجی فاصلہ کویقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ہر مریض میں کوویڈ۔19 کی علامات ظاہر ہونا ضروری نہیں ہے۔ علامات کے بغیر بھی کوویڈسے متاثر ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں اور خانگی دواخانوں میں مریضوں کیلئے بیڈس دستیاب نہیں ہے۔

ڈاکٹر سمیع نے کہا کہ اپنے ہاتھوں کو بار بار دھوتے رہیں او راپنے آنکھوں، منہ اور ناک کو چھونے سے پرہیز کریں۔ ڈاکٹر مجتبیٰ نے کہا کہ آئندہ دو تین ہفتے نہایت سنگین ہوں گے۔ عوام خود کو گھروں میں بند کرلیں اور کسی غیر کو گھر آنے کی اجازت نہ دیں، یہاں تک گھر کے خادمین کو بھی چھٹی دے دیں۔ انہوں نے کہا کہ ماسک کے ساتھ ساتھ سینی ٹائزر کا بھی استعمال کریں اورکسی سے مصافحہ نہ کریں۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ ہجوم کے مقامات،دعوتوں اور محافل سے گریز کریں۔