حیدرآبادی تہذیب کی نمائندہ شخصیت پی نرسا ریڈی کا دیہانت

   

چیف منسٹر اور وزراء نے خراج پیش کیا، سرکاری اعزازات کے ساتھ آخری رسومات
حیدرآباد ۔29 ۔ جنوری (سیاست نیوز) حیدرآبادی تہذیب کی نمائندہ شخصیت اور کانگریس کے بزرگ رہنما پی نرسا ریڈی کا آج طویل علالت کے بعد دیہانت ہوگیا۔ نرسا ریڈی متحدہ آندھراپردیش میں پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر رہ چکے ہیں۔ 1972 سے وہ دو برس تک اس عہدہ پر فائز رہے۔ وہ رکن پارلیمنٹ ، رکن اسمبلی اور رکن قانون ساز کونسل کے طور پر بھی عوام کی طویل خدمت کرچکے ہیں۔ جلگم وینگل راؤ کی کابینہ میں نرسا ریڈی وزیر مال کے طورپر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ نرسا ریڈی کا تعلق نرمل سے ہے اور وہ حیدرآباد میں بنجارہ ہلز میں قیام پذیر تھے۔ وہ طویل عرصہ تک نمائش سوسائٹی کے بھی صدر رہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نرسا ریڈی کی قیامگاہ پہنچ کر خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے پسماندگان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے سرکاری اعزازات کے ساتھ آخری رسومات کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ریاستی وزراء اور سینئر قائدین نے پسماندگان کو پرسہ دیا۔ آخری رسومات سے قبل نرسا ریڈی کی ارتھی کو کچھ دیر کیلئے پارٹی ہیڈ کوارٹر گاندھی بھون میں رکھا گیا جہاں قائدین اور کارکنوں نے خراج عقیدت پیش کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کانگریس پارٹی کیلئے نرسا ریڈی کی طویل خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ وہ سینئر کانگریس قائد کے علاوہ عوامی سطح پر مقبول تھے۔ ان کا دیہانت کانگریس پارٹی کا بھاری نقصان ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، ریاستی وزراء جوپلی کرشنا راؤ ، اتم کمار ریڈی ، پونم پربھاکر ، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ ، رکن کونسل مہیش کمار گوڑ اور دیگر قائدین نے نرسا ریڈی کی خدمات کو خراج پیش کیا۔1