حیدرآباد اور اضلاع میں گرمی کی شدت ، درجہ حرارت 44 ڈگری سلسیس

   

آئندہ دو دنوں میں مزید 2 تا 3 ڈگری اضافہ متوقع ، احتیاطی تدابیر کا مشورہ
حیدرآباد۔17اپریل(سیاست نیوز) دونوں شہروں میں گرمی کی شدت میں ہونے والے اضافہ کے ساتھ ریاست کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت 44 ڈگری سیلسیس تک پہنچ چکا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جاری ہفتہ کے دوران درجہ حرارت میں ریکارڈ کیا جانے والے اضافہ کے ساتھ گرم ہوائیں بھی ریکارڈ کی جانے لگی ہیں ۔ریاست تلنگانہ کے بیشتر سرحدی اضلاع عادل آباد‘ نرمل ‘ کتہ گوڑم ‘ کھمم کے علاوہ دیگر اضلاع میں درجہ حرارت 44ڈگری سے تجاوز کرجانے کے بعد شہر حیدرآباد کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت 39اور 40ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے اور کہا جارہا ہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران درجہ حرار ت میں مزید 2تا3 ڈگری کا اضافہ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے جس کے سبب گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے بتایا کہ گرمی کی شدت اور لو لگنے کے واقعات کے خدشات کے پیش نظر محکمہ موسمیات کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیا رکرنے کے لئے انتباہ جاری کیا جاچکا ہے۔ریاست تلنگانہ کے علاوہ پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے بیشتر اضلاع میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو یوم کے دوران غیر موسمی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا جو کہ جاریہ ہفتہ کے اواخر تک جاری رہے گا۔ماہرین موسمیات کے مطابق آئندہ دویوم کے دوران شہر حیدرآباد میں درجہ حرارت میں کوئی گراوٹ ریکارڈ نہیں کی جائے گی لیکن مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے اور دن میں گرمی کے علاوہ رات کے اوقات میں معمول کے مطابق موسم رہنے کا امکان رہے گا۔تلنگانہ کے اضلاع میں موسم گرما کی شدت کے سلسلہ میں عہدیداروں کا کہناہے کہ گذشتہ ماہ کے اوائل میں گرمی کی شدت میں جس طرح سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا اسی طرح کی گرمی جاریہ دنوں میں دیکھی جا رہی ہے۔ 3