حیدرآباد میں آنکھوں کی روشنی پروگرام کے تحت 154 کیمپس کے انعقاد کا فیصلہ

   

وزیر داخلہ محمود علی نے شاہ علی بنڈہ ، جامعہ نظامیہ اور گولی پورہ مراکز کا دورہ کیا
حیدرآباد۔19۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ آنکھیں قدرت کا انمول تحفہ ہے اور اس کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ وزیر داخلہ نے آج آنکھوں کی روشنی پروگرام کے تحت شاہ علی بنڈہ ، جامعہ نظامیہ اور گولی پورہ علاقوں میں آنکھوں کے معائنہ کیمپس کا دورہ کرتے ہوئے ڈاکٹرس سے ملاقات کی ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ریاست کے ہر شہری کی آنکھوں کے تحفظ کے لئے چیف منسٹر کے سی آر نے منفرد پروگرام شروع کیا ہے ۔ 2018 ء میں پہلے مرحلہ کے تحت ایک کروڑ سے زائد افراد کے معائنے کئے گئے تھے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ چیف منسٹر نے کھمم میں دوسرے مرحلہ کا افتتاح کیا اور پنجاب ، دہلی اور کیرالا کے چیف منسٹرس نے اس پروگرام کی بھرپور ستائش کی ۔ محمود علی نے کہا کہ اسکیم کو 30 جنوری تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس مہم کے دوران ہر بلدی وارڈ میں دو آنکھوں کے معائنہ کیمپس رکھے جائیں گے اور معائنہ کے بعد عینکیں مفت تقسیم کی جائیں گی۔ حیدرآباد ضلع کی جملہ آبادی 45 لاکھ ہے اور 154 کیمپس منعقد کئے جائیں گے ۔ حیدرآباد میں 115 ء میڈیکل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ روزانہ ہر کیمپ میں 400 افراد کے معائنہ کی گنجائش رہے گی۔ ضرورت پڑنے پر ادویات بھی تقسیم کی جائیں گی۔ پیر سے جمعہ تک ہر ہفتہ میں 5 دن معائنہ کیمپس رہیں گے جس کے اوقات صبح 9 تا سہ پہر 4 بجے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو ریاست بھر میں کامیاب بنانے کیلئے عوام تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کی جانب سے شعور بیداری مہم چلائی جارہی ہے۔ وزیر داخلہ نے عوام سے اپیل کی کہ اپنی آنکھوں کی حفاظت کیلئے حکومت کی اسکیم سے استفادہ کریں۔ وزیر داخلہ کے ہمراہ رکن اسمبلی چارمینار ممتاز احمد خاں اور مقامی کارپوریٹرس موجود تھے۔ جامعہ نظامیہ میں شیخ الجامعہ مولانا مفتی خلیل احمد نے وزیر داخلہ محمود علی کا استقبال کیا۔ر