حیدرآباد میں سرنگوں کے راستے 5 مقامات پر سڑکیں تعمیر کرنے کی تجویز

   

39 کیلومیٹر کا احاطہ ٹریفک مسئلہ حل کرنے عہدیداروں کی رپورٹ، نامپلی تا چندرائن گٹہ کا بھی احاطہ

حیدرآباد ۔ 21 فروری (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں دن بہ دن ٹریفک مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے گاڑیاں چلانے والوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بعض اوقات اہم شاہراہوں پر گھنٹوں ٹریفک جام ہورہی ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ایک سے زائد مرتبہ ٹریفک مسائل کا اعلیٰ سطحی جائزہ لیا ہے۔ ٹریفک مسائل کی یکسوئی کے لئے چیف منسٹر نے عہدیداروں کو فیلڈ سطح کا معائنہ کرتے ہوئے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی ہدایت پر جی ایچ ایم سی اور ٹریفک پولیس کے عہدیداروں نے ٹریفک مسائل پیدا ہونے والے مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے ٹریفک مسائل کے حل کے لئے تفصیلی جائزہ لیا ہے۔ عہدیداروں کا استدلال ہیکہ گریٹر حیدرآباد میں آبادی کے تناسب میں اضافہ ہونے کے ساتھ ہر سال گاڑیوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ ٹریفک مسائل کو حل کرنے کے لئے عہدیداروں نے ٹنل سڑکوں کی تعمیر پر توجہ مرکوز کی ہے اور اس سلسلہ میں تجاویز بھی تیار کی ہیں۔ ریونت ریڈی نے اسمبلی انتخابات میں شہر میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے ٹریفک مسائل کی یکسوئی کے لئے ٹنل سڑکوں کی تعمیر پر توجہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ حکام نے بھی فیلڈ سطح کا معائنہ کرنے کے بعد ٹنل سڑکوں کے تعمیر کی تجویز تیار کی ہے۔ عہدیداروں نے ٹنل سڑکوںکی تعمیر کے لئے شہر کے پانچ اہم علاقوں کا انتخاب کیا ہے۔ آئی ٹی سی کوہ نور کو مرکز بناتے ہوئے تین راستوں پر ٹنل سڑکیں تعمیر کرنے کی تجویز تیار کی گئی ہے۔ اس منصوبے میں پرانے شہر کو بھی ترجیح دی گئی ہے۔ تقریباً 39 کیلو میٹر تک ٹنل سڑکوں کی تعمیرات کے لئے فزیبلیٹی کی نشاندہی کرکے ایک جامع پراجکٹ رپورٹ (DPR) تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عہدیداروں نے اس کے لئے (EOI) بولیوں کے لئے ٹنڈر جاری کیا ہے۔ (TBM) ٹنل بورنگ مشن کے ذریعہ ٹنل سڑکوں کی تعمیر کے بارے میں تکنیکی رپورٹ فراہم کرنے کے لئے ایک کنسلٹنسی کا بھی انتخاب کیا جائے گا۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ آئی ٹی سی کوہ نور سے ویپرو سرکل تک براہ راست خواجہ گوڑہ، نانک رام گوڑہ تک 9 کیلو میٹر۔ آئی ٹی سی کوہ نور سے جے این ٹی یو تک براہ راست مائنڈ اسپیس جنکشن 8 کیلو میٹر، آئی ٹی سی کوہ نور سے بنجارہ ہلز روڈ نمبر 10 براہ راست جوبلی ہلز روڈ نمبر 45 تک 7 کیلو میٹر، جی وی کے مال سے نانل نگر براہ راست مانصاب ٹینک 6 کیلو میٹر، نامپلی تا چندرائن گٹہ انر رنگ روڈ براہ راست چارمینار، فلک نما 9 کیلو میٹر کی تجویز ہے۔ 2