حیدرآباد میں لاک ڈاون کے موقع پر کئی علاقے سنسان

,

   

حیدرآباد25مارچ(یواین آئی)شہر حیدرآباد میں لاک ڈاون کے موقع پر کئی علاقے سنسنان نظر آئے ۔لاک ڈاون کے تیسرے دن بعض پرائیویٹ گاڑیاں سڑکوں پر نظر آئیں جن کی مناسب وجہ بتانے پر ہی پولیس کی جانب سے جانے کی اجازت دی گئی۔شہر کے مصروف علاقوں جیسے چارمینار ، لاڈ بازار ، پتھرگٹی، نامپلی اسٹیشن روڈ،خیریت آباد،مادھاپور،لکڑی کا پُل،بنجاراہلز،عابڈس اور دیگر مقامات تقریبا خالی نظر آئے کیونکہ پولیس نے گاڑیوں کی حمل ونقل کو محدود کردیا تھا۔بعض مقامات پر پولیس کی جانب سے زیادتیوں کی بھی شکایات ملی ہیں۔پولیس نے کئی افراد پر لاٹھیوں کا استعمال کرتے ہوئے ان کو گھروں کو واپس بھیج دیا۔اس لاک ڈاون کے موقع پر روزانہ صبح دودھ،سبزی اور دیگر ضروری اشیا کی خریداری کے لئے باہر نکلنے والے بھی گھروں تک ہی محدود رہے ۔ہر علاقہ میں لا اینڈ آرڈر کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس کو تعینات کیاگیا تھا۔ عہدیداروں کے مطابق تاحال ریاست میں صورتحال قابو میں ہے اور پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے ۔ضروری اشیا جیسے دودھ کی خدمات،طبی خدمات بغیر رکاوٹ کے جاری ہیں۔عوام کو ضروری اشیا کرانہ کی دکانات سے خریداری کرتا ہوا دیکھا گیا۔ پولیس کے عہدیداروں نے ضروری اشیا کوزائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کو انتباہ دیا ہے ۔