گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن کا شہر کے تلک نگر مرکز کا معائنہ ، عوام سے خوفزدہ نہ ہونے کی اپیل
حیدرآباد : گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سوندرا راجن نے کورونا ویکسین کے شہر میں واقع تلک نگر پرائمری ہیلتھ سنٹر کا معائنہ کیا اور کورونا ویکسین کے ریہرسل کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ گورنر نے سنٹر کا تفصیلی معائنہ کیا اور میڈیکل و ہیلتھ اسٹاف سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ان افراد سے بھی ملاقات کی جنہیں ویکسین دیا گیا۔ گورنر نے اپنے شوہر مشہور نیفرالوجسٹ ڈاکٹر پی سوندرا راجن کے ساتھ مرکز کا معائنہ کیا جس سے طبی عملے کے علاوہ استفادہ کنندگان کی کافی حوصلہ افزائی ہوئی۔ گورنر سوندرا راجن خود پیشہ سے ڈاکٹر ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر کولڈ چین سسٹم، ویکسین رومس کا شخصی طور پر معائنہ کیا۔ مرکز پر دو افراد کو ویکسین دینے کے انتظامات کا انہوں نے جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ویکسین لیتے وقت شک و شبہات اور جھجک کا اظہار نہ کریں۔ انہوں نے ویکسین کو محفوظ بتایا اور کہا کہ دنیا بھر میں لوگ اس ویکسین سے استفادہ کررہے ہیں۔ کورونا ویکسین سے تاحال کسی کے فوت ہونے کی اب تک کوئی اطلاع نہیں ہے۔ اس لیے ویکسین لینے کے لیے عوام کو گھبرانے یا خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ بعض سرویز میں یہ اشارہ دیا گیا ہے کہ 40 فیصد ہیلتھ کیر ورکرس ویکسین سے متعلق جھجک اور شبہات کا اظہار کررہے ہیں۔ ہم تمام کو یہ ویکسین لے کر کورونا وائرس سے محفوظ ہونا چاہئے۔ گورنر نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ ویکسین کے محفوظ ہونے سے متعلق عوام میں شعور بیدار کریں اور عوام کو اپنی خواہش سے ویکسین لینے کے لیے متحرک کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں 4 مراحل میں ویکسین پر عمل کیا جائے گا اور تقریباً 80 لاکھ افراد کو یہ ویکسین دیا جائے گا۔ ویکسین کے پہلے مرحلے میں 5 لاکھ افراد کو ٹیکہ اندازی کی جائے گی۔ ریاست میں ہیلتھ کیر ورکرس، فرنٹ لائین واریئرس اور 50 سال سے زیادہ عمر کے افراد کے علاوہ 50 سال سے کم ایسے افراد جو دیگر طبی مسائل کا شکار ہیں، ان کا احاطہ کیا جائے گا۔ گورنر نے کہا کہ ویکسین کی ریہرسل یعنی ڈرائی رن سے اس طریقہ کار کے موثر ہونے کا اندازہ کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے ڈرائی رن کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ صحت کے عملے کی ستائش کی۔ گورنر نے اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی سے بھی اظہار تشکر کیا جنہوں نے ملک بھر میں ویکسین کے پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم نے بھارت بایوٹیک سنٹر کا بھی معائنہ کرتے ہوئے ویکسین کی تیاری اور دیگر امور کا جائزہ لیا تھا۔ گورنر سوندرا راجن نے کہا کہ سال 2020ء کورونا وائرس کے وباء کا سال تھا اور اب ہم 2021ء میں حفاظت کے سال میں پہنچ گئے ہیں۔ کورونا وائرس سے عوام کو بچانے کے لیے کام کرنے والے ہیلتھ ورکرس اور دیگر کو بھی انہوں نے بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ گورنر نے کورونا ویکسین کے خلاف ویکسین کی تیاری کے لیے ملک کے سائنسدانوں کی انتھک کوششوں کی بھی بھرپور ستائش کی اور کہا کہ ویکسین کی تیاری کے لیے ان کی کوششوں سے میڈ ان انڈیا کو زبردست فروغ حاصل ہوا ہے اور ملک آتما نربھر بھارت کی سمت ایک قدم آگے بڑھ گیا ہے۔ وزیر صحت ای راجندر نے بتایا کہ حیدرآباد کے 4 اور محبوب نگر کے 3 مراکز پر ڈرائی رن کا اہتمام کیا گیا۔