2 جون کو چیف منسٹر ریونت ریڈی افتتاح کریں گے، تجرباتی بنیاد پر ڈسٹرکٹ کے ایک منڈل پر عمل آوری
حیدرآباد۔ 29 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ کی ریاستی حکومت نے ریاست میں خواتین مسافروں کیلئے ایک اور بڑی راحت کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کرنے والی خواتین کے لئے ہر بار اصلی شناختی کارڈ دکھانے کے لازمی شرط کو ختم کرتے ہوئے اب ڈیجیٹل طور پر ’’مہالکشمی اسمارٹ کارڈس‘‘ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس نئی اور جدید اسکیم کا باضابطہ آغاز چیف منسٹر ریونت ریڈی 2 جون کو تلنگانہ یوم تاسیس کے موقع پر جہاں اسمارٹ کارڈس کے تقسیم کے پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ اسکیم فوری طور پر پوری ریاست میں ایک ساتھ شروع نہیں کی جائے گی بلکہ ابتدائی طور پر اسے تجرباتی بنیادوں پر پہلے مرحلہ میں ہر ضلع کے ایک منڈل میں متعارف کرایا جائیگا۔ وہاں اس سسٹم کے نفاذ کے دوران سامنے آنے والے تمام تکنیکی چیالنجس اور مسائل کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد بہت جلد پوری ریاست میں بڑے پیمانے پر پھیلا دیا جائے گا۔ اس اسکیم کے تحت اہل خواتین اپنے قریبی بس پاس مراکز یا می سیوا مراکز پر جا کر صرف 50 روپے کی فیس ادا کرکے اپنا مہالکشمی اسمارٹ کارڈ آسانی سے حاصل کرسکتے ہیں۔ ریاستی حکومت نے یہ واضح کیا ہے کہ جب تک تمام خواتین کو یہ اسمارٹ کارڈس دستیاب نہیں ہو جاتے تب تک انہیں پریشان ہونے کی بالکل بھی ضرورت نہیں ہے۔ کارڈ کے حصول تک خواتین کے اپنے آدھار کارڈ یا کسی بھی دوسرے سرکاری شناختی کارڈس کو بس کنڈکٹرس کو دکھاکر پہلے کی طرح مفت سفر کرنے کی سہولت سے فائدہ اٹھاسکتی ہیں۔ اس اسمارٹ کارڈ سسٹم کی دستیابی سے بسوں میں کنڈکٹرس وہ قیمتی وقت بچ جائے گا جو ہر ایک مسافر کا شناختی کارڈ اور پتہ اچھی طرح جانچنے میں صرف ہوتا تھا۔ اب ٹکٹ جاری کرنے کا عمل محض کارڈ کو اسکیان کرنے سے انتہائی تیزی کے ساتھ مکمل ہو جائے گا جس سے نہ صرف خواتین کو ہر وقت اصلی شناختی کارڈ ساتھ رکھنے کی ضرورت پڑے گی بلکہ آر ٹی سی کا انتظامی نظام بھی جدید درجہ آسان اور منظم ہو جائے گا۔ 2؍F m/b/