دختر کی گرفتاری پر خاموش رہنے والے کے سی آر عوام سے وضاحت کریں

   

کجریوال کی گرفتاری پر ردعمل مضحکہ خیز، مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کا تاثر

حیدرآباد۔/23 مارچ، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر و تلنگانہ بی جے پی کے صدر جی کشن ریڈی نے دختر کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار نہ کرنے والے بی آر ایس سربراہ کے سی آر کی جانب سے چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرنے پر حیرت کا اظہار کیا۔ بدعنوانیوں میں ملوث چیف منسٹر کو گرفتار کرنے پر یوم سیاہ کیسے ہوگا، کے سی آر سے استفسار کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کشن ریڈی نے دختر کویتا کی گرفتاری پر خاموش رہنے کی کے سی آر سے وجہ طلب کی اور اس کی وجہ کیا ہے عوام کو بتانے پر زور دیا۔ دہلی شراب پالیسی کی تبدیلی میں کویتا کا رول ہونے کا ای ڈی دعویٰ کررہی ہے جس کی وجہ سے انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ کویتا کی گرفتاری سے بی جے پی کا یا مرکزی حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ بی آر ایس ‘بی جے پی اور مرکزی حکومت کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کررہی ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ بدعنوان چیف منسٹر کو گرفتار کرنا ہرگز یوم ساہ نہیں ہوگا بلکہ سیاست میں خاندانی راج ارکان خاندان کو ایوان تک پہنچانا یوم سیاہ قرار دیا جائے گا۔ تلنگانہ کو لوٹنے والے کے سی آر خاندان نے دہلی کو بھی لوٹ لینے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ کویتا کی گرفتاری سے بھی تلنگانہ کا کوئی تعلق نہیں ہے اور ان کی گرفتاری سے تلنگانہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ کشن ریڈی نے کہا کہ کانگریس اور بی آر ایس سے امیدوار کوئی بھی ہو مگر سکندرآباد سے کامیابی ان کی ہوگی۔ تلنگانہ میں اصل مقابلہ کانگریس اور بی جے پی میں ہوگا مقابلہ میں بی آر ایس نہیں ہے۔2