درگاہ اجمیر شریف کیلئے وزیراعظم کی طرف سے چادر کا نذرانہ

   

اجمیر۔ 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے صوفی خواجہ معین الدین حسن چشتی کے 807 ویں سالانہ عرس کے موقع پر بدھ کو خواجہ صاحب کی درگاہ پر چادر چڑھائی جائے گی۔درگاہ کمیٹی کے صدر امین پٹھان نے بتایا کہ اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی وزیر اعظم کی چادر لیکر صبح ساڑھے آٹھ بجے دہلی سے روانہ ہو کر ساڑھے نو بجے کشن گڑھ ہوائی اڈے پہنچیں گے اور وہاں سے درگاہ پہنچ کر خواجہ کی مقدس مزار پر چادر پیش کریں گے ۔ اس موقع پر مسٹر نقوی ملک کے وزیر اعظم کا پیغام پڑھ کر سنائیں گے ۔ اس کے بعد وہ گیارہ بجے مقامی سول لائنس میں واقع درگاہ اپارٹمنٹ میں خواجہ غریب نواز ڈسپنسری کا افتتاح کریں گے اور یہیں پر خواجہ ماڈل اسکول کے آڈیٹوریم میں انتظامیہ کے ساتھ عرس انتظامات پر تبادلہ خیال کریں گے ۔اس کے بعد دن میں تقریبا ایک بجے کایڑ وشرام ا ستھلي پہنچ کر خواجہ غریب نواز یونیورسٹی کا سنگ بنیادرکھیں گے ۔غور طلب ہے کہ یونیورسٹی کے لئے درگاہ کمیٹی کی اسی ایکڑ زمین پر چھ منزلہ عمارت بنائی جائے گی۔ کمیٹی کا مقصد ہے کہ بچہ ایک بار یہاں داخلہ لے ، اپنی تعلیم مکمل کرکے ہی باہر نکلے ۔ یونیورسٹی کا خاکہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی طرز پر تیار کیا گیا ہے ۔