دستور کے مطابق فرائض کی انجام دہی کا عہد

   

گورنر ہماچل پردیش مقرر کئے جانے پر مودی اور امیت شاہ سے اظہار تشکر
حیدرآباد۔یکم ستمبر(پی ٹی آئی) سینئر بی جے پی لیڈر اور سابق مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ نے اُنھیں بحیثیت گورنر ہماچل پردیش مقرر کئے جانے پر وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے اظہارتشکر کیا اور اس عہد کا اظہار کیا کہ وہ دستور کے مطابق اپنے فرائض انجام دیں گے ۔ 72سالہ دتاتریہ پانچ مرتبہ رکن پارلیمنٹ رہے ،وہ حلقہ لوک سبھا سکندرآبادکی نمائندگی کرتے تھے تاہم 2019ء کے انتخابات میں حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے ان کوبی جے پی کا ٹکٹ نہیں دیا گیا بلکہ کشن ریڈی کو بی جے پی نے امیدوار بنایا اور ان کی کامیابی کے بعد ریڈی کو مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنایاگیا۔دتاتریہ نے 1980ء میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔انہیں پارٹی کے مختلف عہدوں پر کام کرنے کا موقع ملا۔ان کو 1991ء میں پہلی مرتبہ اے پی بی جے پی کا صدر مقرر کیاگیا تھا۔ 1998 ء اور1999ء میں وہ ایوان زیریں کے لئے منتخب ہوئے تھے ۔انہیں 2013ء میں پارٹی کا نائب صدر بنایاگیا تھا۔2014ء میں وہ پانچویں مرتبہ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے منتخب ہوئے تھے ۔