دفاعی بجٹ میں کوئی کٹوتی نہیں ہوگی : پاکستان

   

اسلام آباد ۔ 8 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے ایک سینئر وزیر نے حالانکہ یہ کہا ہیکہ اس وقت حکومت پاکستان اور فوج کے درمیان بہترین تال میل ہے اس کے باوجود انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کے دفاعی بجٹ میں کوئی کٹوتی نہیں کی جائے گی بلکہ یہ کہنا زیادہ بہتر ہوگا کہ قومی سلامتی کیلئے دفاعی بجٹ میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ وزیراطلاعات فواد چودھری نے کابینی اجلاس کے بعد جمعرات کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسی خطہ میں واقع دیگر ممالک کے مقابلہ پاکستان کا دفاعی بجٹ پہلے ہی بہت کم ہے لہٰذا اس میں اضافہ کی ضرورت ہے۔ حکومت کی جانب سے ملک کے اخراجات میں 10 فیصد کمی کئے جانے کا سوال پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کو ملک کے دفاعی بجٹ سے مسائل ہیں لہٰذا وہ اسے ایک مدعا بنا رہے ہیں جبکہ وہ یہ نہیں جانتے کہ دیگر ممالک کے مقابلے پاکستان کا دفاعی بجٹ پہلے ہی کم ہے۔ پاکستان کا موجودہ دفاعی بجٹ ایک کھرب روپئے ہے۔