دفعہ 370 کی برخواستگی کے خلاف درخواستوں کی آج سپریم کورٹ میں سماعت

,

   

نئی دہلی 15 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ میں پیر کو ان درخواستوں کی سماعت ہوگی جن میں دفعہ 370 کو حذف کئے جانے کو چیلنج کیا گیا ہے ۔ اس دفعہ سے جموں و کشمیر کو خصوصی موقف حاصل تھا ۔ اس کے علاوہ وہاں صدر راج کے نفاذ کی اہمیت اور ریاست میں تحدیدات کے نفاذ کے تعلق سے بھی ان درخواستوں میں سوال کئے گئے ہیں۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی اور جسٹس ایس اے بوبڈے اور جسٹس ایس اے نذیر پر مشتمل بنچ تازہ درخواستوں کی بھی سماعت کریگی جن میں سابق چیف منسٹر غلام نبی آزاد کی درخواست بھی شامل ہے جنہوں نے اپنے افراد خاندان اور رشتہ داروں سے ملاقات کی اجازت دینے کی استدعا کی ہے ۔ آزاد نے دفعہ 370 کو منسوخ کئے جانے کے بعد دو مرتبہ ریاست کا دورہ کرنے کی کوشش کی ہے تاہم انہیں ائرپورٹ سے ہی حکام نے واپس بھیج دیا تھا ۔ انہوں نے اب سپریم کورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے افراد خاندان سے ملاقات کیلئے ریاست کا دورہ کرنے کی اجازت طلب کی ہے ۔ علاوہ ازیں سجاد لون کی قیادت والی جموں وکشمیر پیپلز کانفرنس پارٹی نے بھی دفعہ 370 کو حذف کئے جانے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے ۔ انہوں نے ریاست میں صدر راج کے نفاذ اور اس کے بعد عائد کی جانے والی تحدیدات کو بھی اپنی درخواست میں چیلنج کیا ہے ۔