دلیپ گھوش کی ممتا بنرجی سے معذرت خواہی

   

کولکتہ: وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کے خلاف نازیبا تبصرے کے بعد بی جے پی کی مرکزی قیادت نے سابق ریاستی صدر اور بردوان ۔درگا پور سے بی جے پی کے امیدوار دلیپ گھوش کو اپنے بیان پر معافی مانگنے کی ہدایت دی ہے ۔پارٹی قیادت کے نوٹس اور ہدایت کے بعددلیپ گھوش نے معافی مانگ لی ہے ۔اتوار کو اپنی امیدواری کے اعلان کے بعددلیپ گھوش نے عوامی رابطہ مہم شروع کردیا ۔اپنے حریف اور ترنمول کانگریس کے امیدوار کیرتی آزاد کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ باہری ہیں ، میں ان کی بحیثیت کرکٹر عزت کرتا ہوں مگر سیاست میں ان کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بہار، یوپی سے دیدی گوا گئی اور کہا کہ وہ گوا کی لڑکی ہے ۔تری پورہ میں جاتی ہیں وہ کہتی ہیں کہ میں تری پورہ کی بیٹی ہوں۔گوا جاتی ہیں تو گوا کی بیٹی خود کو کہتی ہے ۔اس کے فوراً بعدانہوں نے ممتابنرجی کے والد سے متعلق متنازع تبصرہ کیا۔ترنمول کانگریس نے دلیپ کے بیان کے خلاف الیکشن کمیشن سے شکایت کی ۔اس کے بعد منگل کی رات دلیپ گھوش کو مرکزی قیادت نے خط بھیج کر کہا کہ دلیپ گھوش آپ کی آج کی تقریر غیر اخلاقی اور غیر پارلیمانی ہے ۔ یہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی پالیسی کے بھی خلاف ہے ۔ پارٹی اس بیان کی مذمت کرتی ہے ۔ براہ کرم اپنے طرز عمل کی جلد از جلد وضاحت کریں۔