دونوں شہروں میں بارش و بوندا باندی سے موسم خوشگوار

,

   

آئندہ دو تا تین یوم ہلکی بارش یا بوندا باندی جاری رہنے کا امکان ۔ گرمی سے عوام کو راحت

حیدرآباد۔28 جولائی (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں سہ پہر کے بعد اچانک بارش اور بوندا باندی کے ساتھ موسم خوشگوار ہوگیا اور گذشتہ تین یوم سے جاری گرمی سے کچھ حد تک راحت میسر ملی ۔ دوپہر میں شدید گرمی کے بعد محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق سہ پہر کے بعد سے مطلع ابر آلود ہونے لگا تھا اور چند گھنٹوں کے دوران ہی ہلکی اور تیز بارش شروع ہوگئی جس کے سبب عوام نے راحت کی سانس لی ۔شہر میں بارش کے ساتھ ہی موسم خوشگوار ہوگیا اور ہلکی بوندا باندی کے باعث شہر کسی بھی مقام پر بارش کا پانی جمع ہونے یا کسی اور تکلیف کی کوئی اطلاع نہیں ملی

۔محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق ریاست کے کئی اضلاع بالخصوص شہر حیدرآباد اور نواحی و مضافاتی علاقوں میں تین یوم تک بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہنے کے امکان ظاہر کیا گیا تھا اور خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب درجہ حرارت میں گراوٹ کا امکان ظاہر کیا گیا تھا ۔شہر میں مطلع ابر آلود ہونے اور بارش کے ساتھ ہی درجہ حرات میں گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے اور آئندہ تین یوم تک ایسے ہی موسم کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے ۔شہر میں بوندا باندی کے ساتھ سرد ہواؤں کا سلسلہ بھی جاری ہے اور موجودہ حالات میں ان سرد ہواؤں کے علاوہ بار ش سے جہاں تک ممکن ہوسکے محفوظ رہنے کی ضرورت ہے۔وبائی امراض کے اس دور میں بارش اور سرد ہوائوںسے محتاط رہنے کی ضرورت ہے ۔شہر میں مطلع ابر آلود ہونے کے ساتھ ہی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ایمرجنسی عملہ کو متحرک کردیا گیا ہے اور شہر کے نشیبی علاقو ںمیں ان کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال میں فوری پانی کی نکاسی کے اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔