سدی پیٹ ۔23 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سدی پیٹ اربن منڈل کے اینسان پلی گاؤں کے حدود میں واقع تلنگانہ سماجی بہبود بالیکاؤں کے گروکل اسکول اور جونیئر کالج میں پیر کے روز دوپہر کے کھانے کے عمل کا ضلع کلکٹر کے ہیماوتی نے اچانک معائنہ کیا۔ اس موقع پر کلکٹر نے باورچی خانے میں تیار ہونے والے کھانے کی اشیاء کا خود جائزہ لیا۔ چاول، چقندر کی سبزی، دال، سانبھر کے معیار کو چیک کرتے ہوئے ہدایت دی کہ ہر پکوان ذائقہ دار ہونا چاہیے۔ باورچی عملے کو خبردار کیا کہ رسمی طور پر کھانا پکایا تو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ باورچی خانے اور اس کے ارد گرد کے علاقوں کو ہر وقت صاف ستھرا رکھنے کا حکم دیا۔اس کے بعد اسٹاک رجسٹر کی جانچ کرتے ہوئے کلکٹر نے پرنسپل کو ہدایت دی کہ حکومت کے مقرر کردہ کامن ڈائٹ مینو پر لازمی عمل کیا جائے۔ طلباء کی حاضری کے مطابق راشن اور سبزیاں معیاری مقدار میں لے کر معیاری اور ذائقہ دار کھانا پکا کر طلباء کو فراہم کرنے کی کوشش کی جائے۔