دھان نہ خریدنے پر ٹی آر ایس کا ریاست بھر میں احتجاج ، وزیراعظم کے پتلے نذرآتش

   

وزراء ، ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی کا احتجاج ۔ ہریش راؤ نے بی جے پی قائدین کا گھیراؤ کرنے کی اپیل کی
حیدرآباد : 20ڈسمبر ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس نے آج دھان کی خریدی کے مسئلہ پر مرکزی حکومت کے خلاف ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاج کیا ۔ گاؤں گاؤں ریالیاں منظم کی گئی ، بعض مقامات پر وزیراعظم نریندر مودی کے پتلے ندرآتش کئے گئے اور تلنگانہ سے دھان خریدنے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ۔ گجویل میں ریاستی وزیر فینانس و صحت ٹی ہریش راؤ کھمم میں ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے ، محبوب نگر میں ریاستی وزیر اکسائز سرینواس گوڑ ، محبوبہ آباد میں ریاستیوزیر برائے ویمن اینڈ چائیلڈ ویلفیر ستیہ وتی راتھوڑ ، نرمل میں ریاستی وزیر ہندو اوقاف اندرا کرن ریڈی کے علاوہ ریاست کے دیگر شہروں اور اسمبلی حلقوں میں وزراء ، ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان قانون ساز کونسل کے علاوہ پارٹی کے اہم قائدین نے شرکت کرتے ہوئے مرکز کے رویہ کی مخالفت کی ۔ تلنگانہ کے کسانوں اور زرعی شعبہ کو نقصان پہنچانے کا مرکزکے خلاف الزام عائد کیا ۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کسانوں سے دغابازی کرنے اور وعدوں سے انحراف کرنے کا مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بی جے پی کسانوں سے دھان خریدنے کے بجائے سیاست کررہی ہے ۔ انہوں نے بی جے پی قائدین کا گاؤں میں گھراؤ کرنے کا عوام کو مشورہ دیا ۔ زرعی شعبہ کے فروغ اور کسانوں کی ترقی و بہبود کیلئے چیف منسٹر بڑے پیمانے پر اقدامات کررہے ہیں جس کی ملک بھر میں مثال نہیں ملتی مگر مودی کی زیرقیادت مرکزی حکومت تلنگانہ سے دھان نہ خریدتے ہوئے کسانوں سے ناانصافی کررہی ہے ۔ وزیر فینانس نے کہا کہ کے سی آر نے مختصر عرصہ میں برقی مسائل پر قابو پالیا ، زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے معیاری و مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ ٹی آر ایس کی حکومت تشکیل پانے کے بعد سے اب تک کسانوں کے کھاتوں میں 50 ہزار کروڑ روپئے جمع کئے گئے ہیں ۔ بی جے پی دوہری پالیسی اختیار کرتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ مرکز کی جانب سے دھان خریدنے سے انکار کرنے پر ہی ریاست کے کسانوں کو متبادل کاشت کرنے کا مشورہ دیا جارہا ہے ۔ مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کو کسانوں سے ہمدردی ہے تو وہ وزیراعظم کو راضی کراتے ہوئے یاسنگی میں جو دھان کی کاشت کی گئی ہے اس کو خریدنے پر زور دیا ۔ ریاستی وزیر فینانس نے بی جے پی کو مخالف کسان جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضلع کھمم کے 7 منڈلوں کو مرکز نے آندھراپردیش میں ضم کردیا جس کی وجہ سے لوئیر سیلہ پاور پلانٹ آندھراپردیش کے حدود میں چلا گیا ۔ گریجن یونیورسٹی قائم کرنے کا وعدہ کیا گیا جس پر آج تک عمل آوری نہیں ہوئی ۔ بی جے پی غریب کسانوں کو نقصان پہنچاتے ہوئے کارپوریٹ ادارو ں کے مفادات کی تکمیل کررہی ہے جس کے خلاف ٹی آر ایس حکومت ہر محاذ پر احتجاج کریگی ۔ن