153 لاکھ میٹرک ٹن پیداوار، حکومت کی موافق کسان پالیسیوں کانتیجہ
حیدرآباد۔/17 نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائیز این اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ ریاست نے خریف سیزن میں دھان کی پیداوار میں قومی سطح پر ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ریاست میں خریف سیزن میں 66.77 لاکھ ایکر اراضی پر 153 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی پیداوار ہوئی ہے۔ متحدہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس قدر ریکارڈ مقدار میں دھان کی پیداوار ہوئی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ملک کے زرعی نقشہ پرتلنگانہ نے اپنی علحدہ شناخت بنائی ہے اور یہ ایک قومی ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کے نامکمل ہونے اور دیگر دشواریوں کے باوجود کسانوں نے غیر معمولی پیداوار کرتے ہوئے زرعی شعبہ میں تلنگانہ کا نام روشن کیا ہے۔ کانگریس حکومت کی موافق کسان پالیسیوں کے نتیجہ میں یہ ممکن ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے کسانوں کی مدد کرتے ہوئے انہیں پیداوار میں اضافہ پر توجہ دینے میں کامیابی حاصل کی۔ تلنگانہ کے کسان مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے اپنی غیر معمولی سنجیدگی اور عزم کے ذریعہ یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے اگریکلچر اور آبپاشی محکمہ جات کے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے کسانوں کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ میں ترقی کے آئندہ بھی نئے ریکارڈ قائم ہوں گے۔ اسی دوران فارمرس کمیشن کے صدرنشین ایم کودنڈا ریڈی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کسانوں کو 500 روپئے بونس کی رقم اکاؤنٹ میں جمع ہوچکی ہے۔ حکومت نے فی کنٹل 500 روپئے بونس کا وعدہ کیا تھا اور یہ بونس اقل ترین امدادی قیمت کے علاوہ ہے۔1