دھوکہ دہی اور دھمکانے پر سینئیر وکیل اور احمد بلعلہ کے خلاف مقدمہ

   

اراضی سے متعلق تنازعہ کیس ، جج کو رقم کی ادائیگی کے نام کروڑہا روپیوں کی وصولی
حیدرآباد : /15 فبروری (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس نے ہائیکورٹ کے سینئر وکیل ویدلا وینکٹ رمنا اور مجلس پارٹی کے ملک پیٹ رکن اسمبلی احمد بلعلہ کے خلاف دھوکہ دہی اور دھمکانے کا ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ /25 جنوری کو سی سی ایس کو آئی ایس سدن پولیس اسٹیشن سے ایک کیس فائیل حاصل ہوئی جس میں مذکورہ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق 66 سالہ ڈاکٹر سی ایچ یادگیری ساکن قطب اللہ منڈل ضلع میڑچل ملکاجگیری نے پولیس میں درج کی گئی شکایت میں یہ الزام عائد کیا کہ باؤرم پیٹ ولیج میں واقع اراضی سے متعلق تنازعہ کیس فائل ویدلا وینکٹ رمنا کے حوالے کرتے ہوئے اس کیس کی پیروی کیلئے 30 لاکھ روپئے ادا کئے تھے ۔ اسی طرح مذکورہ وکیل کو گزشتہ 18 سال میں لاکھوں روپئے کی فیس ادا کی گئی تھی ۔ اسی دوران مقدمہ کا فیصلہ ڈاکٹر سی ایچ یادگیری کے حق میں ہونے کیلئے جج 10 کروڑ روپئے کی رقم کا مطالبہ کیا تھا اور اس دوران 7 کروڑ روپئے وینکٹ رمنا کے حوالے کئے گئے ۔ رقم حاصل کرنے کے بعد فیصلہ ان کے حق میں نہ آنے اور جج کیلئے دی ہوئی رقم نہ لوٹانے پر ڈاکٹر یادگیری نے وکیل کو انتباہ دیا تھا اور اس سلسلہ میں شکایت کرنے کی بات بتائی تھی ۔ اسی دوران درخواست گزار نے ایف آئی آر میں یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ سینئر وکیل نے مجلس کے ملک پیٹ رکن اسمبلی احمد بلعلہ کو استعمال کرتے ہوئے انہیں دھمکیاں دینا شروع کیا ۔ ڈاکٹر یادگیری نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ سینئر وکیل وینکٹ رمنا اور رکن اسمبلی احمد بلعلہ انہیں مسلسل دھمکیاں دے رہے ہیں اور اس سلسلہ میں کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ آئی ایس سدن پولیس اس سلسلہ میں ابتداء میں دھوکہ دہی اور دھمکانے کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے اس کیس فائل کو سی سی ایس پولیس کے حوالے کردیا ۔ جہاں پر پھر ایک مرتبہ ازسرنو ایف آئی آر جاری کی گئی ہے اور تحقیقات کی جارہی ہے ۔ ب