دہلی فسادات :چارج شیٹ میں سلمان خورشید اور برندا کرت کے نام شامل!

,

   

دہلی:شمال مشرقی دہلی میں اس سال فروری میں ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات کی جانچ اور چارج شیٹ پر مستقل سوال کھڑے ہو رہے ہیں۔ اس تعلق سے پولیس کی جانب سے آج جو نئی چارج شیٹ داخل کی گئی ہے اس میں کانگریس کے سینئر قائد سلمان خورشید، سی پی ایم کی خاتون رہنما برندا کرات ، ایڈوکیٹ پرشانت بھوشن اور ادت راج کے نام شامل بتائے جا رہے ہیں۔ایک و یب سائٹ پر شائع خبر کے مطابق ان قائدین پر الزام ہے کہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ہو رہے مظاہروں میں انہوں نے اشتعال انگیز تقاریر کیں۔ اس میں کہا گیا ہے کہ گواہ نے اس تعلق سے پولیس کو بتایا ہے۔واضح رہے کہ اس سال 24 فروری سے 27 فروری کے درمیان شمال مشرقی دہلی کے کئی علاقوں میں فرقہ وارانہ فسادات ہوئے تھے جن میں 53 افراد کی موت ہو گئی تھی اور 200 سے زیادہ لوگ زخمی ہو گئے تھے۔ اس تعلق سے کئی لوگ پہلے ہی زیر حراست ہیں جن کی حراست کو لے کر بھی سوال کھڑے کئے جا رہے ہیں۔گواہوں نے بتایا ہے کہ ان لوگوں نے سی اے اے مخالف مظاہروں میں شرکت کی تھی اور اشتعال انگیز تقاریر کی تھیں۔ خبر کے مطابق پولیس نے کانگریس کی سابق کونسلر عشرت جہاں کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے چارج شیٹ میں کہا ہے کہ سی اے اے مخالف مظاہروں کو جاری رکھنے کے لئے سلمان خوشید، راہل رائے، بھیم آرمی کے رکن ہیمانشو جیسے لوگوں کو انہوں نے اور سماجی کارکن خالد سیفی نے جامعہ کو آرڈینیشن کمیٹی کے کہنے پر بلایا تھا۔