دہلی میٹرو فیز IVپراجکٹس کی دو راہداریوں کو منظوری

   

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں دہلی میٹرو کے فیز IV پراجکٹ کے دو نئے کوریڈورز کو آج منظوری دی گئی ہے جس سے قومی دارالحکومت دہلی میں میٹرو رابطے کو مزید بہتر بنانے کی توقع ہے ۔مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے آج یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ کابنیہ کی طرف سے منظورشدہ ان دو راہداریوں میں سے ایک اندرلوک ۔ اندرا پرستھ ہے جو 12.377 کلومیٹر پر محیط ہے ۔ جبکہ دوسرا روٹ لاجپت نگر ۔ ساکیت جی بلاک ہے جو 8.385 کلومیٹر کا احاطہ کرتا ہے ۔ ٹھاکر نے بتایا کہ دہلی میٹرو کے فیز – IV پراجکٹ کی ان دو راہداریوں کی کل پراجکٹ لاگت 8,399 کروڑ روپے ہے ، جو حکومت ہند، حکومت دہلی اور بین الاقوامی فنڈنگ ایجنسیوں سے حاصل کی جائے گی۔یہ دونوں لائنیں 20.762 کلومیٹر پر مشتمل ہوں گی۔ اندرلوک – اندرا پرستھ راہداری گرین لائن کی توسیع ہوگی اور یہ سرخ، پیلی، ایئرپورٹ لائن، میجنٹا، وائلیٹ اور بلیو لائنوں کے ساتھ انٹرچینج فراہم کرے گی، جبکہ لاجپت نگر ۔ ساکیت جی بلاک کوریڈور سلور، میجنٹا، گلابی لائنوں کو جوڑے گا۔ لاجپت نگر ۔ ساکیت جی بلاک کوریڈور پوری طرح سے بلند ہوگا اور اس میں آٹھ اسٹیشن ہوں گے ۔ اندرلوک – اندر پرستھ راہداری میں 11.349 کلومیٹر زیر زمین لائنیں اور 1.028 کلومیٹر ایلیویٹڈ لائنیں ہوں گی جن میں 10 اسٹیشن ہوں گے ۔اندرلوک – اندرا پرستھ لائن ہریانہ کے بہادر گڑھ علاقے کو بہتر کنیکٹیویٹی فراہم کرے گی کیونکہ ان علاقوں کے مسافر براہ راست اندر پرستھ کے ساتھ ساتھ وسطی اور مشرقی دہلی کے مختلف علاقوں تک پہنچنے کے لیے گرین لائن پر سفر کر سکیں گے ۔