نئی دہلی: دہلی میں ہونے جا رہے جی۔20 کے تقریبات کو دیکھتے ہوئے دہلی حکومت نے 8، 9 اور 10 ستمبر کو چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ اس کے لیے دہلی پولیس نے حکومت سے سفارش کی تھی۔ دہلی پولیس کے اسپیشل کمشنر نے چیف سکریٹری کو خط بھیجا تھا۔ اب دہلی حکومت نے فیصلہ لیتے ہوئے تین دن کی چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ دہلی حکومت کے تمام دفاتر، ایم سی ڈی اور سرکاری اسکولوں میں چھٹی رہے گی۔ اس کے علاوہ وی آئی پی موومنٹ کی وجہ سے کئی راستوں پر پابندی رہیں گی۔ٹریفک پولیس کے اسپیشل کمشنر ایس ایس یادو نے کہا کہ 7 ستمبر کی رات 12 بجے سے دہلی کے علاقے اور دیگر ممنوعہ یا حفاظتی مقامات پر کوئی داخلہ نہیں ہوگا۔ بارڈر سے صرف ضروری سامان کی گاڑیوں کو ہی داخلہ ملے گا۔ دودھ، سبزیاں، راشن، ادویات اور پیٹرولیم مصنوعات کے ٹرک داخل ہوں گے۔ ڈی ٹی سی بسوں کو نئی دہلی سے متصل علاقوں میں موڑ دیا جائے گا یا ختم کیا جائے گا۔