نئی دہلی، 2 اکتوبر (یو این آئی) نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) کے قومی صدر ونود جاکھڑ کی قیادت میں تنظیم نے جمعہ کے روز چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفیٰ اور گرفتاری کے مطالبے کو لے کر احتجاج کیا۔این ایس یو آئی کارکنوں نے 5، رائے سینا روڈ پر واقع تنظیم کے ہیڈکوارٹر سے جنتر منتر کی طرف مارچ کیا۔ مارچ میں سینکڑوں کارکن شامل ہوئے ۔ مظاہرین نے انتخابی عمل میں شفافیت اور جواب دہی اور ووٹر فہرستوں و انتخابات کے انعقاد سے جڑے امور پر الیکشن کمیشن سے جواب دینے کا مطالبہ کیا۔
جنتر منتر کی طرف بڑھ رہے مظاہرین کو روکنے کے لیے دہلی پولیس نے بیری کیڈنگ کی، جس کے بعد پولیس نے مسٹرجاکھڑ سمیت سینکڑوں کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ حراست میں لیے جانے سے پہلے مسٹرجاکھڑ نے کہا کہ طلبہ کو حراست میں لے کر جمہوریت کی آواز کو نہیں دبایا جا سکتا۔ انہوں نے انتخابی عمل سے جڑے سوالات کے جوابات عوامی سطح پر دینے کا مطالبہ کیا۔