دہلی کے شوٹنگ ایونٹ سے چھ ممالک دستبردار

   

نئی دہلی ۔ 26 فبروری ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) کورو نا وائرس جس کی وجہ سے دنیا بھر کے کئی ممالک پریشان ہیں اور اب یہاں ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں منعقد شدنی شوٹنگ ورلڈ کپ سے چین بشمول دیگر پانچ ممالک نے دستبرداری اختیار کرلی ہے ۔ نیشنل رائفل اسوسی ایشن آف انڈیا ( این آر اے آئی ) نے کہا ہے کہ مہلک کوروناوائرس اور وبائی مرض کی وجہ سے چین کے علاوہ دیگر پانچ ممالک نے یہاں 15 تا 26 مارچ منعقد شدنی آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ سے دستبرداری اختیار کرلی ہے ۔ میڈیا نمائندوں سے اظہار خیل کرتے ہوئے این آر اے آئی کے صدر رانیندر سنگھ نے کہا ہے کہ کچھ ممالک اس ایونٹ میں شرکت کے خواہاں تھے لیکن چین میں جو وبائی مرض پھوٹ پڑا ہے اُس کے بعد مختلف ممالک نے اس مہلک بیماری کے خلاف جو قواعد اختیار کر رکھے ہیں اُس کے تحت اب اُس کے کھلاری دہلی کا سفر نہیں کریں گے ۔ چین نے دیگر ممالک کو اس وائرس سے متاثر نہ کرنے کا بہترین فیصلہ کیا جبکہ تائیوان ، ہانگ کانگ ، مکاؤ ، شمالی کوریا اور ترکمنستان نے بھی اس ایونٹ میں شرکت سے دستبرداری اختیار کرلی ہے ۔